ہاجرہ یامین نے محسن عباس کے ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے کی وجہ بتادی

انڈین فاشزم پر مبنی ویب سیریز ’سیوک‘ میں ہاجرہ یامین ایک بھارتی صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں

محسن عباس کو اپنی سابقہ اہلیہ پر گھریلو تشدد کے الزامات پر شدید تنقید کا سامنا ہے (فوٹو: فائل)

پاکستانی اداکارہ ہاجرہ یامین نے محسن عباس حیدر کے ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے پر وضاحت دی ہے۔

انڈین فاشزم پر مبنی ویب سیریز 'سیوک' میں ہاجرہ یامین ایک بھارتی صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ اس سیریز میں محسن عباس بھی موجود ہیں۔

اداکار محسن عباس کو اپنی سابقہ اہلیہ پر گھریلو تشدد کے الزامات پر شدید تنقید کا سامنا ہے اور ان الزامات نے ان کے شوبز کیریئر کو داؤ پر لگادیا ہے۔




پاکستانی انڈسٹری کے متعدد اشخاص نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا اور تازہ ترین واقعے میں میزبان رابعہ انعم نے ایک ٹی وی شو میں ان کے ساتھ بیٹھنے سے معذرت کرلی تھی۔

ہاجرہ یامین کا محسن عباس کے ساتھ کام کے متعلق سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہماری شوبز انڈسٹری میں خواتین کیلئے ویسے ہی محدود کردار موجود ہیں اور وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ایک دلچسپ اور انوکھا کردار چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ان کو اختیار ہوگا وہ کسی ایسے پروگرام یا ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کریں گی جہاں اس طرح کے مبینہ گھریلو تشدد کے ملزم موجود ہوں لیکن وہ اپنی پیشہ وارنہ زندگی کو نہیں چھوڑ سکتیں اور جب ان کو موقع ملا وہ منفرد کردار ضرور ادا کریں گی۔
Load Next Story