ضلع وسطی غیر فعال لائبریریاں شہریوں کیلیے کھولنے کا فیصلہ

نصیر آباد پبلک لائبریر ی کا افتتاح کردیا گیا، لائبریری ضلع وسطی میں 24 گھنٹے فعال دوسری لائبریری ہے،طحہٰ سلیم

نصیر آباد پبلک لائبریر ی کا افتتاح کردیا گیا، لائبریری ضلع وسطی میں 24 گھنٹے فعال دوسری لائبریری ہے،طحہٰ سلیم ۔ فوٹو : فائل

ضلع وسطی میں لائبریریوں کا جال بچھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

کراچی کے سب سے بڑے ضلع میں تعلیم کی آسانیاں پیدا کرنے کے لیے طلبہ کو لائبریری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ 11 غیر فعال اور کچھ جزوی طور پر چلنے والی لائبریری کو ازسرنو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، ٹیکنالوجی کے اس دور میں کراچی میں نوجوانوں کو کتابوں کی طرف راغب کرنے کیلیے 24گھنٹے لائبریری کا افتتاح ہوگیا۔


ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 90ء کی دہائی تک کراچی کی ہر تیسری گلی میں ایک لائبریری ہوا کرتی تھی، جہاں سے ادب کے دلدادہ شہری 5روپے میں اکاؤنٹ کھلوا کر کرائے پر کتابیں حاصل کرتے تھے ان کتب میں تاریخی، افسانے، جاسوسی، شعرو شاعری سمیت بے شمارکتب دستیاب ہوتی تھیں جبکہ شہر میں ماہانہ بنیاد پرچھپنے والے ڈائجسٹ اور فلمی رسائل سمیت دیگر بھی دستیاب ہوتی تھیں ان کتابوں کو گھر لے جانے کی اجازت بھی ہوتی تھی جس کا یومیہ کرایہ 50پیسے سے ایک روپے روز کا ہوا کرتا تھا یہ کراچی کا وہ دور تھا جب تعلیم کے ساتھ ادبی مشاغل لازم تھے۔

نصیر آباد پبلک لائبریری کو 24گھنٹے فعال کردیا ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے ایکسپریس کو بتایا کہ کراچی میں نوجوانوں کو کتابوں کی طرف راغب کرنے کے لیے فیڈرل بی ایریا بلاک 14میں نصیر آباد پبلک لائبریری کا افتتاح کیا ہے یہ لائبریری ضلع وسطی میں 24گھنٹے فعال دوسری لائبریری ہے۔

مطالعے کے شوقین شہریوں کے لیے ضلع وسطی کے تمام لائبریریوں کو 24گھنٹے فعال کرنے پر اقدامات جاری ہیں، ضلع میں 11 لائبریریاں ہیں جن میں سے کچھ ہی فعال ہیں جو کہ صبح 9 بجے سے شام 5 تک چلتی ہیں جبکہ یہ دفتر کا وقت ہے پڑھنے کا زیادہ تر وقت رات کا ہوتا ہے وقت کی مناسبت سے اس لائبریری کو 24 گھنٹے کیلیے فعال کردیا گیا ہے۔
Load Next Story