بھارت میں اسکول کے کھانے میں سانپ نکل آیا 30 طلبا کی حالت بگڑ گئی

30 بچوں کو الٹیوں اور پیٹ میں شدید درد کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا

کھانے میں سانپ دیکھ کر بچوں کی طبیعت بگڑ گئی، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے پرائمری اسکول میں سرکار کی جانب سے فراہم کیے گئے لنچ میں سانپ نکل آیا جس پر 30 بچوں کی حالت بگڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرائمری اسکول کے بچوں کو دوپہر کے کھانے میں دال چاول دیا گیا۔ دال کے برتن میں ایک چھوٹا سانپ پایا گیا۔


سانپ کو دیکھ کر بچے خوف زدہ ہوگئے اور 30 بچوں کی حالت بگڑنے پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 10 کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔

زیادہ تر بچوں کو الٹیاں ہوگئیں اور ان کا معدہ صاف کرنا پڑا۔ بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ والدین نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں زیادہ تر سرکاری اسکولوں میں حکومت کی جانب سے کھانا فراہم کیا جا تا ہے تاکہ غریب والدین اپنے بچوں کو مزدوری کرنے کے بجائے اسکول پڑھنے بھیجیں۔
Load Next Story