کراچی سے کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے 3 دہشت گرد گرفتار

ملزمان کے بلوچستان میں حملوں سے تین اہل کار شہید، کراچی میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا، پولیس

(فوٹو فائل)

پولیس نے کراچی سے کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے 3 دہشت گرد گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان نے چند روز قبل پولیس پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک اہل کار شدید زخمی ہوگیا تھا جب کہ بلوچستان میں حملوں میں تین اہل کار شہید ہو چکے ہیں۔

ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے 3 دہشت گردوں عدنان ، شہزاد اور یاسر کو اتحاد ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا ۔پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی ، جس پر جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی ہوگئے ۔ ملزمان کو بیرون ملک سے آپریٹ کیا جاتا ہے ، جو ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔


پولیس کے مطابق اس سے قبل بلوچستان میں حملوں میں 3 اہلکار شہید ہوچکے ہیں اور چند روز قبل انہی ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک اہل کار حنیف شدید زخمی ہوگیا تھا جوکہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ ملزمان انتہائی منظم انداز میں وارداتیں کرتے ہیں ، ان میں ریکی کرنے والا اور کارروائیاں کرنے والا گروپ الگ الگ ہے ۔

ملزمان نے 31 مارچ 2022ء کو حب ریور روڈ پر واقع پٹرول پمپ پر واردات کرتے ہوئے 8 لاکھ روپے ، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا تھا ۔انہی ملزمان نے 24 دسمبر 2022ء کو مواچھ گوٹھ پل پر واردات کے دوران 2 افراد فرید احمد اور محمد فرحان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا ۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے بینک ڈکیتیوں ، پٹرول پمپ لوٹنے اور گھروں میں ڈکیتی کے علاوہ متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں اور ان کے 3 ساتھی فرار ہیں۔ تحقیقات میں مزید انکشافات متوقع ہیں ۔
Load Next Story