وفاقی حکومت سندھ سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے مشیر خزانہ

بجٹ 2014 میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا

بجٹ 2014 میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا۔فوٹو:فائل

صوبائی مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بجٹ 2014 میں تمام سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، وفاقی حکومت سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے اور پورے ملک میں مساوی لوڈ شیڈنگ کی جائے۔


جامشورو میں وکلا برادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں کوٹری پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کے لیے رقم مختص کی جائے گی اور جامشورو بار کے لیے بھی فنڈ مختص کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے گا۔ بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے، سندھ بھر میں بیس، بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

سندھ حکومت کو بجلی کے منصوبوں کی منظوری نہیں دی جا رہی ۔ وزیر اعلیٰ کی بار بار درخواست کے باوجود بجلی کے پیداواری منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔ نوری آباد میں سو میگاواٹ کا منصوبہ جبکہ تھر کے منصوبے کو ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر وفاقی حکومت معلوم نہیں سندھ کے منصوبوں کو سپورٹ کیوں نہیں کر رہی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ایم کیو ایم جلد سندھ حکومت کا حصہ ہو گی۔ پی پی نے تھر میں قحط سالی سے متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فروخ بشیر، سکندر راہوپوٹو، غلام سرور راہوپوٹو،فاروق راہوپوٹو، طارق بجاریو دیگر بھی موجود تھے۔
Load Next Story