گلستان جوہر افغانی ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں مزاحمت پر سرکاری افسر کو قتل کردیا

38سالہ ظہور السلام ہاشمی کے گھر کے برابر والے خالی پلاٹ پر گاڑی کھڑی کر کے4 ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ظہورالسلام۔ فوٹو: فائل

گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے واٹر بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو قتل کر دیا، واٹر بورڈ کے افسر نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو زخمی کرکے پکڑ لیا تھا۔

مقتول سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کا کوآرڈی نیٹر رہ چکے تھے ،سرکاری افسر کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 12 راڈو اپارٹمنٹ کے عقب میں واقع بنگلہ نمبرD/149 میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے گھر کے مالک38سالہ ظہور السلام ہاشمی عرف سہیل ولد ضمیر السلام ہاشمی کو ہلاک کر دیا ، ظہورنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کر کے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں پکڑ لیا تھا جبکہ4 ڈاکوموقع سے فرارہوگئے،اطلاع ملنے پر شاہراہ فیصل تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورپکڑے جانے والے ڈاکو کو حراست میں لے لیا،بعد ازاں ظہور اورزخمی ڈاکو کو جناح اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ظہور کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جبکہ ڈاکو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔


پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت22سالہ محمد رسول ولد محمد رمضان نام سے کی گئی ،5 افغانی نژاد ڈاکو کار میں سوار ہو کر آئے اور اظہر کے گھر کے برابر والے خالی پلاٹ پر گاڑی کر کے4 ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے ، گھر کے تمام دروازے لاک تھے،ملزمان نے ظہور کے بھائی کے کمرے والے دروازے پر دستک دی ،بھائی کے ساتھ ساتھ دوسرے کمرے سے ظہور لائسنس والا پستول لے کر باہر آیا،مسلح افراد کو دیکھ کر اس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو2گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا اپنے ساتھی کو زخمی ہوتا دیکھ کر دیگر ڈاکوؤں نے مشتعل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔

جاں بحق ہونے والے ظہور کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر گلستان جوہر بلاک12میں واقع جامع مسجد عثمانیہ میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں مقتول کے رشتے داروں ، علاقہ مکینوں، کے ایم سی کے افسران و ملازمین ،متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی ، رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد کے علاوہ علاقائی ذمے داروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعدازاں گلستان جوہر بلاک19میں واقعے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔مقتول واٹر بورڈ میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایک بچی کا باپ تھا جبکہ3 بھائیوں میں سب سے بڑا تھا ، مقتول اے پی ایم ایس اوکے سابق کارکن اور سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال کے کوارڈینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔
Load Next Story