ڈنگی سے بچاؤ کیلیے بلدیہ عظمیٰ الرٹ اسپرے مہم میں تیزی

موسم کی تبدیلی کے باعث احتیاطی تدابیراختیار کی جائیں،بیماری سے بچنے کیلیے شہریوں میں شعور و آگاہی کا ہونا ضروری ہے

مضافاتی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے،کیمیکل اور بائیولوجیکل کنٹرول پروگرام تیز اور تالابوں میں گپی فش ڈالی جائے،رؤف اختر فوٹو : آن لائن / فائل

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ شہر میں ڈنگی وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، موسم کی تبدیلی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیراختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تاکہ وہ اس خطرناک اور جان لیوا بیماری سے محفوظ رہ سکیں، انھوں نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ شہر میں جاری اسپرے مہم کو شیڈول کے مطابق جاری رکھا جائے اور شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، یہ بات انھوںنے سیکریٹری بلدیات جاوید حنیف کی جانب سے دی گئی ہدایت کی روشنی میں کراچی کے تمام اضلاع میں یکساں اور موثر طور پر ڈنگی وائرس کے خلاف شروع کی گئی مہم کے کاموںاور دستیاب وسائل کی فراہمی کاجائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ڈنگی وائرس جیسی بیماری سے بچنے کے لیے شہریوں میں اس حوالے سے شعور و آگاہی کا ہونا انتہائی ضروری ہے، اگر شہریوں کو یہ معلوم ہو کہ اس بیماری سے کیسے بچ سکتے ہیں تو اس کے مثبت نتائج نکلیں گے۔


انھوں نے ہدایت کی کہ ڈنگی وائرس سے تحفظ کی تدابیر کے لیے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈنگی وائرس کے تدارک کے لیے کیمیکل کنٹرول (اسپرے) اوربائیولوجیکل کنٹرول پروگرام میں بھی تیزی لائی جائے جس کے تحت شہر کے مختلف پارکوں کے تالابوں، حوض اور ایسے مقامات جہاں پانی جمع رہتا ہے وہاں مچھروں کی افزائش کو روکنے کے گپی مچھلیا (گپی فش) ڈالنے سمیت شہر کے تمام چھوٹے بڑے ندی نالوں میں فنتھیان دوا کا چھڑکاؤ کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ ڈنگی وائرس کے خلاف جاری مہم میں گاڑیوں کے ذریعے اسپرے کے ساتھ ساتھ تنگ راستوں اور گلیوں میں دستی اسپرے پمپ بھی استعمال کیے جائیں۔

اس موقع پر مسعود عالم نے بتایا کہ ڈنگی وائرس سے بچاؤ کے لیے شہرکے تمام علاقوں میں اسپرے مہم جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی اپنے اپنے علاقوں میں اس سے بچاؤ کے انتظامات کررہی ہے، انھوں نے بتایا کہ اپریل کے تیسرے ہفتے میں اس حوالے سے شہریوں میں آگاہی پھیلانے کے لیے مختلف مقامات پر سیمینار منعقد کیے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈنگی وائرس کنٹرول کرنے کے لیے تمام میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی علاقائی حدود میں واقع تمام سوئمنگ پولز، ٹائر شاپس، نرسریوں اور سیمنٹ کے بلاک بنانے والے مقامات سمیت ایسے تمام دیگر مقامات جہاں ڈنگی مچھر کی ممکنہ افزائش کا خطرہ ہو وہاں پر کڑی نگاہ رکھیں اور ایسے اداروں سے اور افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Load Next Story