پنجاب حکومت فلم انڈسٹری کی بحالی کیلیے اقدامات کرے سید نور

انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی اورسرمایہ کی ضرورت ہے،سرپرستی سے اپنے پاؤں پر کھڑی ہوجائیگی

انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی اورسرمایہ کی ضرورت ہے،سید نور۔ فوٹو: فائل

مصنف وہدایتکار سیدنور نے حکومت پنجاب سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مصنف وہدایتکار سیدنور ، گلوکار وارث بیگ اور لٹویا کے سفیر اکسیکورز ایپوکنگ کے ہمراہ پنجاب اسپورٹس بورڈ کے گئے جہاں انھوںنے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیدنور نے حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ جس طرح حکومت پنجاب اسپورٹس کو پروموٹ کر رہی ہے، اسی طرح فلم انڈسٹری کی طرف بھی توجہ دے جو اس وقت شدید بحران سے دوچار ہے ۔

ان کے تعاون کے بغیر یہ فلم انڈسٹری کی بحالی ممکن نہیں ہے کیونکہ جب تک حکومتی سرپرستی نہیں ہوگی اس وقت تک فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی ۔ اس وقت فلم ٹریڈ کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ سرمایہ کی بھی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول ایک اچھی کوشش ہے جس کے ذریعے اسپورٹس کے ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع ملے ہیں۔سیدنور نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت فلم انڈسٹری کے لیے بھی اس طرح کے اقدامات کرے تو فلم ٹریڈ ایک بار پھر اپنے پائوں پر کھڑی ہوجائے گی۔
Load Next Story