بگ تھری نے پاکستان کو بگ فور بنانے کی پیشکش کی تھی نجم سیٹھی کا انکشاف

پاک بھارت امن اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے بھارت سے کرکٹ کی بحالی ضروری ہے، چیرمین پی سی بی

آئندہ 4 ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ کا خود جائزہ لوں گا جس کے بعد نئے کپتان اور کوچنگ اسٹاف کا فیصلہ ہوگا، نجم سیٹھی فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی کے بگ تھری نے پاکستان کو بگ فور بنانے کی دعوت دی تھی لیکن ذکا اشرف انتظامیہ نے انکار کرکے ملک کو نقصان پہنچایا۔


آئی سی سی کی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں شرکت کے لئے دبئی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ 2020 تک بھارت کےعلاوہ تمام ممالک سے دورے طے ہوچکے ہیں، پاک بھارت امن اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے بھارت سے کرکٹ کی بحالی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بگ تھری کا منصوبہ میرے سامنے بنا اور پاکستان کو بگ فور کی پیشکش کی گئی تھی لیکن ذکا اشرف اور ان کی انتظامیہ نے اس پیشکش کو رد کردیا، اگر بگ فور بنتا تو پاکستان کو بہت فائدہ ہوتا تاہم یہ پیشکش ٹھکرانے کے بعد اب آئی سی سی کو پاکستان کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد محمد حفیظ نے کپتانی چھوڑ کر اچھی مثال قائم کی، آئندہ 4 ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ کا خود جائزہ لوں گا جس کے بعد نئے کپتان اور کوچنگ اسٹاف کا فیصلہ ہوگا اور اس میں کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story