معروف تاجر اور دو بار گولڈ میڈل جیتنے والے بہرام ڈی آواری انتقال کرگئے

بہرام ڈی آواری نے کشتی رانی میں دو گولڈ میڈل حاصل کیا، انہیں حکومت نے تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا

فوٹو فائل

معروف کاروباری شخصیت اور ایشین گیمز میں دو مرتبہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے بہرام ڈی آواری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ملک کی معروف کاروباری شخصیت اور سیلنگ سے تعلق رکھنے والے بہرام ڈی آواری کی عمر81 برس تھی، وہ کافی عرصے سے علیل اور گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

بہرام ڈی آواری نے دو مرتبہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا،انہوں نے پہلی مرتبہ ایشین گیمز 1978میں منیر صادق کے ساتھ مل کر کشتی رانی میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور دوسری مرتبہ 1982 میں وہ اپنی اہلیہ گوشپی آواری کے ساتھ مل کر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

ان کے صاحبزادے زیوئیر بہرام آواری بھی سیلنگ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں 14 اگست 1982 کو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔ ان کے سوگواران میں بیوہ اور تین بچے شامل ہیں۔


گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور سابق صدر نے بہرام ڈی آواری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں ہوٹل انڈسٹری کے فروغ میں بہرام آواری نے نمایاں کردار ادا کیا، انہوں نے سیلنگ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، انسانیت کی خدمت میں وہ پیش پیش رہتے تھے، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا ایک طویل عرصہ تک پر نہیں ہوسکے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بہرام ڈی آواری اچھی انسان اور غریب پرور شخص تھے، اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بہرام ڈی آواری کی پارسی کمیونٹی کے لیے خدمات قبل تعریف ہیں۔

سابق صدر آصف علی کا بیرام ڈی آواری کے انتقال پر اظہار افسوس

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بہرام ڈی آواری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ بہرام ڈی آواری کامیاب کاروباری شخصیت سے انہوں نے ایشین گیمز میں بھی کامیابی حاصل کرکے گولڈ میڈل جیتا اور بزنس مین کے ناطے ملک کی خدمت کی۔
Load Next Story