بجلی تعطل کے بعد ملک بھر میں ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروس تاحال متاثر

بجلی مکمل بحال نہ ہوئی تو ٹیلی کام اور انٹرنیٹ برانڈ بینڈ کا ملک گیر نیٹ ورک بیٹھنے کا خدشہ ہے

(فوٹو فائل)

بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کے اثرات تاحال برقرار ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں ٹیلی کام خدمات اور انٹرنیٹ کی فراہمی پوری طرح بحال نہ ہو سکنے سے صارفین تاحال مشکلات کا شکار ہیں۔

موبائل فون سروس کے علاوہ رقوم کے ڈیجیٹل لین دین اور ٹیلی کام کمپنیوں کے سروس سینٹر چلانے، بیلنس لوڈ کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث ٹیلی کام کمپنیز ملک کے مختلف حصوں میں اب بھی بیک اپ توانائی پر آپریٹ کر رہی ہیں۔


موبائل ٹاورز کو چلانے کے لیے جنریٹرز استعمال کیے جارہے ہیں تاہم دُور دراز علاقوں تک جنریٹر کا ایندھن پہنچانے میں لاجسٹک مسائل کا بھی سامنا ہے۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کو ایندھن کی مد میں بھاری مالیت کے اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔معمول کی لوڈ شیڈنگ کے مقابلے میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ٹیلی کام کمپنیز 5لاکھ لیٹر زائد ایندھن استعمال کر چکی ہیں۔

ٹیلی کام کمپنی کے نمائندے نے ایکسپریس کو بتایا کہ نیٹ ورک کو مزید بیک اپ توانائی پر چلانا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکمل طور پر بجلی بحال نہ ہوئی تو ٹیلی کام اور انٹرنیٹ برانڈ بینڈ کا ملک گیر نیٹ ورک بیٹھنے کا خدشہ ہے۔ انڈسٹری نے وفاقی وزارت توانائی سے اپیل کی ہے کہ ٹیلی کام سروسز کو جاری رکھنے کے لیے نیشنل گرڈ سے بجلی کی جلد از جلد مستحکم بحالی کو یقینی بنایا جائے ۔
Load Next Story