امیتابھ بچن۔۔۔10ملین سے بھی آگے

فیس بک پر بگ بی کو ملنے والے لائیکس ایک کروڑ سے تجاوز کرگئے

بولی وڈ کے میگااسٹار اپنی پذیرائی پر مسرور، پرستاروں کا شکریہ ادا کیا

بولی وڈ کے میگااسٹار امیتابھ بچن جہاں فلموں کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر اپنی شخصیت کا جادو جگارہے ہیں وہیں وہ سوشل میڈیا سے بھی جُڑے ہوئے ہیں۔

وہ سوشل ویب سائٹس کے ذریعے اپنے پرستاروں سے مسلسل تعلق استوار رکھتے ہیں۔ انھیں اپنے پرستاروں کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی حاصل ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر امیتابھ بچن کے پیج پر لائیکس کی تعداد 10ملین سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ گذشتہ دنوں امیتابھ بچن نے فیس بک پر اپنی 508ویں پوسٹ کی، جس میں بگ بی نے اپنے فیس بک پیج پر لائیکس کی تعداد میں اس زبردست اضافے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،''بی 508۔۔۔۔10ملین!!! سب کا شکریہ، کیا دن کی شروعات ہے۔''




امیتابھ بچن کی مقبولیت فیس بک ہی تک محدود نہیں، بل کہ وہ ٹوئٹر پر بھی اپنے پرستاروں کی محبت اور پسندیدگی سے لطف اندوز ہورہے ہیں، جہاں ان کے اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد آٹھ اعشاریہ ایک ملین ہوچکی ہے۔ بگ بی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے اپنے پرستاروں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ وہ اس مقصد کے لے اپنی تمام تر مصروفیات میں سے وقت نکال کر سوشل ویب سائٹس پر کئی گھنٹے صرف کرتے ہیں۔ وہ اپنی روز کی زندگی کی جھلکیاں دکھاتی تصاویر پوسٹ کرتے ہیں اور پیغامات کا جواب بھی دیتے ہیں۔ زندگی کی 71بہاریں دیکھ لینے والے اور کام یابی اور مقبولیت کی چوٹی سرکرلینے والے امیتابھ بچن کی سوشل میڈیا سے یہ گہری وابستگی بتاتی ہے کہ انھیں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کی اہمیت کا پوری طرح اندازہ ہے اور وہ اسے اپنی مقبولیت اور پسندیدگی برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔
Load Next Story