بھارتی فوج کے کمانڈنگ آفیسر نے ٹریننگ سینٹر میں خودکشی کرلی

بھارت میں گزشتے ہفتے بھی ایک اور فوجی ٹریننگ سینٹر میں 29 سالہ کیپٹن نے چھت سے لٹک کر خودکشی کی تھی

بھارتی فوج کے کرنل نے ٹریننگ سینٹر میں خودکشی کی، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ٹریننگ سینٹر میں 43 سالہ کرنل نشیتھ کھنہ کی چھت سے لٹکی ہوئی لاش ملی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے علاقے جبل پور میں بھارتی فوج کے ٹریننگ سینٹر میں کمانڈنگ آفیسر نے صبح کئی بار کھٹکھٹانے پر بھی دروازہ نہیں کھولا تھا۔

ساتھی افسران دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو کرنل نشیتھ کھنہ کی لاش پنکھے پر جھول رہی تھی اور قریب ہی ایک خط پڑا تھا جس میں صرف ''Sorry'' لکھا ہوا تھا۔


لاش کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ موت گلے پر رسی کے دباؤ کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔

خودکشی کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ کرنل کھنہ اکتوبر 2022 کو مدھیہ پردیش میں تعینات ہوئے تھے اور تب سے وہ بیوی اور بچوں سے مل نہیں سکے تھے۔

لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتے ہفتے بھی مدھیہ پردیش کے ایک اور فوجی ٹریننگ سینٹر میں 29 سالہ کیپٹن نے چھت سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی۔
Load Next Story