اسکواش دانش اور عامراطلس کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

کویتی پلیئرز سے مقابلہ ہو گا،خواجہ عادل مقبول کو ناکامی نے ایونٹ سے باہر کردیا

کویتی پلیئرز سے مقابلہ ہو گا،خواجہ عادل مقبول کو ناکامی نے ایونٹ سے باہر کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

فہد الاحمدا سکواش ٹورنامنٹ میں دانش اور عامر اطلس خان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔


خواجہ عادل مقبول کو ناکامی نے ایونٹ سے باہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کویت میں جاری پی ایس اے ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ مقابلوں میں تھرڈ سیڈ دانش اطلس خان نے اپنے ابتدائی میچ میں انگلینڈ کے اویلی ہولینڈ کو 25 منٹ کے مقابلے میں باآسانی 3-0 سے زیر کرلیا۔ حریف کھلاڑی نے پہلے گیم میں ٹف ٹائم دیا لیکن12-10 سے کامیابی کے بعد دانش نے پیچھے مڑ کرنہ دیکھا، انھوں نے اگلے دونوں گیمز 11-3 اور11-4 سے اپنے نام کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں پر سامنا میزبان عبداللہ التمیمی سے ہوگا۔ دانش کے بڑے بھائی عامراطلس خان نے ابتدائی مرحلے میں کویتی علی بدر الرمزی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی دونوں گیمز 11-7 اور 11-8 سے اپنے نام کیے۔ تیسرے گیم میں میزبان کھلاڑی نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 11-7 سے فتح کے ساتھ مقابلہ 1-2 کردیا۔ عامراطلس خان نے چوتھے گیم میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے 11-8 سے فتح پائی، اس طرح45 منٹ تک جاری رہنے والے میچ کا اختتام ہوا۔ کوارٹر فائنل میں عامر کا سامنا ٹاپ سیڈ عبدالمزیان سے ہوگا۔ مین راؤنڈ میں شریک ایک اور پاکستانی کھلاڑی خواجہ عادل مقبول پہلی ہی کاوش میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے، انھیں میزبان پلیئر عمار التمیمی نے 11-9,11-8 اور11-5 سے مات دی۔
Load Next Story