کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی جنگی طیاروں کا اسمگل شدہ آئل بڑی مقدار میں برآمد

چھاپہ مار کاروائی کے دوران پر 38کروڑ 90لاکھ مالیت کے اسمگل شدہ اشیاء برآمد ہوئیں، ڈائریکٹر کسٹمز کراچی

فوٹو ایکسپریس

ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلیجنس نے ملکی تاریخ میں پہلی بار انسداد اسمگلنگ کی کاروائی میں اسمگل شدہ جیٹ انجن آئل برآمد کرلیا ہے۔

اس بات کا انکشاف ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلیجنس کراچی ثاقب سعید نے ایڈیشنل ڈائریکٹر افضال وٹو, نوشین اور ڈپٹی ڈائریکٹر انعام وزیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ملیر میں واقع ایک کمپاؤنڈ میں واقع گودام میں اسمگل شدہ اشیاء کی ڈمپنگ ہوتی ہے جو شہر کے مختلف حصوں وقفے وقفے سے سپلائی کی جاتی ہے۔


ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے اس مشکوک گودام کی باقاعدہ ریکی کی اور گودام سے نکلنے والے چھوٹے ٹرکوں پر نظر رکھتے ہوئے راشد منہاس روڈ اور عسکری پارک گلشن اقبال کے علاقوں میں چھاپہ مار کاروائی کے دوران پر 38کروڑ 90لاکھ مالیت کے اسمگل شدہ اشیاء برآمد کیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار امریکی برانڈ کا اسمگل شدہ ائیرکرافٹ انجن اور پسٹن آئل برآمد کیا جس کے بعد اس امر کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ پاکستان میں ائیرکرافٹ آئل کا استعمال کون اور کہاں کررہا ہے۔

ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے بتایا کہ چھاپے میں 3600 استعمال شدہ لیپ ٹاپس, 2396 مہنگی گھڑیاں, 3ٹن غیرملکی پنیر, بھارتی کاسمیٹکس, فوڈ سپلیمنٹ اور اشیائے خوردونوش بھی برآمد ہوئے ہیں۔

چھاپہ مار کاروائی کے دوران ابتدائی طور پر تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے نام تحقیقات کے سبب صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ نے مقدمہ درج کرکے اسمگل شدہ اشیاء کی ترسیل میں استعمال ہونے والے 4مزدا ٹرکس اور ایک سوزوکی پک اپ بھی ضبط کرلیاہے۔
Load Next Story