پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ

قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری، اطلاق صبح 11 بجےسے، پیٹرول فی لیٹر 249.80 روپے، ڈیزل 262.80 روپے پر پہنچ گیا

قیمتوں کا اطلاق فی الفور ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ (فوٹو: فائل)

ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا جس کا اطلاق فی الفور ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خرانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 18، 18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

پٹرول کی قیمت بڑھا کر 249.89 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 262.80 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت 189.83 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 187 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: اوگرا نے پیٹرول مہنگا کرنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا


وفاقی وزیر خرانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے سے زائد اضافے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی تاہم حکومت نے کوشش کی ہے کہ عوام پر کم از کم بوجھ منتقل کیا جائے۔

وزارت خزانہ کا نوٹی فکیشن جاری

وزارت خزانہ نے آئندہ پندرہ روز کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق صبح گیارہ بجے سے ملک بھر میں کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معاشی بحران حل کرنے کیلیے کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے، وزیر خزانہ

نوٹی فکیشن کے مطابق 35 روپے اضافے کے ساتھ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 18 روپے اضافے کے ساتھ 189 روپے 83 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 18 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 187 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
Load Next Story