پالتو مچھلی نے مالک کے چار ڈالر خرچ کر دیے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی جاری کردی

جاپانی یوٹیوبر کی مچھلی نے براہِ راست نشریات میں برقی دکان پر رقم خرچ کر دی اور مالیاتی راز بھی افشا کر دیے

پالتو مچھلی نے عجیب و غریب حرکات سے اپنے مالک کے چار ڈالر خرچ کردیئے اور کریڈٹ کارڈ تفصیلات بھی ظاہر کردیں۔ فوٹو: بشکریہ موریس یوٹیوب چینل

جاپان میں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس کی پالتو مچھلی نے کمپیوٹر کی غلطی سے نہ صرف اپنے مالک کی رقم خرچ کر ڈالی بلکہ اس کے کریڈٹ کارڈ کی جملہ تفصیلات بھی یوٹیوب کی براہِ راست نشریات میں ظاہر کر دیں۔

جاپانی یوٹیوبر میوٹی کائمارو المعروف موریس یوٹیوب پر ایک چینل چلاتے ہیں جس میں مچھلیوں کو ویڈیو گیم کھیلنا سکھایا جاتا ہے۔ وہ بالخصوص پوکے مون گیمز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

لائیو اسٹریم کے دوران ان کی پالتو مچلھی یا مچھلیاں پانی کے ٹینک میں خاص انداز میں تیرتی ہیں اور وہاں ایسے سینسر لگے ہیں جو گیم کے لیے بٹن کا کام کرتے ہیں۔ اس طرح موریس کا ننٹینڈو سوئچ کنٹرولر آگے بڑھتا ہے۔

اس دوران اچانک یہ ہوا کہ لائیو اسٹریم میں پوکے مون وائلٹ گیم لگایا گیا۔ تاہم اس میں ایک کمپیوٹر غلطی ہوگئی اور وہ وہ گیم سے ہوم اسکرین پر واپس آگیا۔ اس دوران مچھلی کی حرکت سے ننٹینڈو کی ای شاپ کھل گئی اور مچھلی نے مالک کے چار ڈالر کی خریداری پوائنٹس کی صورت میں کر ڈالی۔ اس کے علاوہ لائیو اسٹریم پر مچھلی کی ایک حرکت سے مالک کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی نمایاں ہوگئیں۔




اس مچھلی کے گھومنے پھرنے سے بہت نقصان ہوا جس نے ننٹینڈو 64 کی ایک ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کرلی اور اس کی انعام میں ملنے والی کرنسی سے نیا اوتار خریدلیا۔ اس کے علاوہ موریس کے پے پیل پر ای میل پہنچی جس میں اس کا نام موریس کی بجائے ROWAWAWAWA لکھا ہوا ملا۔

اس کے بعد موریس نے یہ سب منظر نوٹ کیا تھا تو پورے نظام کی بجلی بند کردی۔.تاہم مالک کی درخواست پر ننٹینڈو کمپنی نے ان کے چار ڈالر واپس کردیئے ہیں۔

 
Load Next Story