مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی نوجوان شرجیل دم توڑ گیا

جاں بحق ہونے والا نوجوان پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا

مقتول شرجیل کی یادگار تصویر

سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان شرجیل دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والا نوجوان پانچ بہن بھائیوں میں سب سےبڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو سرجانی ٹاؤن لیاری 36 ٹینکی اسٹاپ کے قریب ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے 34 سالہ عبدالعظیم ولد عبدالکلیم اور 32 سالہ شرجیل ولد شبیر کو زخمی کردیا تھا جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بعدازاں فائرنگ سے زخمی ہونے والے شرجیل کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں زخمی شرجیل جمعرات کی صبح دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول نوجوان سرجانی ٹاؤن لیاری 36 اے کا رہائشی اور پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا، مقتول نوجوان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر سرجانی ٹاؤن میں گھر کے قریب ادا کی گئی۔


مقتول کے رشتہ داروں اور محلے داروں نے بتایا کہ مقتول شرجیل ایم پی جی سلنڈرکی دکان میں کام کرتا تھا بدھ کو نامعلوم مسلح ملزمان دکان میں ڈکیتی کرکے فرار ہو رہے تھے جس پر شرجیل اور دیگر دکاندار ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے ان کے پیچھے دوڑے اور کچھ فاصلے پر شرجیل نے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی اس دوران ایک ڈاکو سے پستول بھی گر گیا جس پر ڈاکو نے پستول اٹھا کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شرجیل اوراسٹیٹ ایجنٹ عبدالعظیم زخمی ہو گیا۔

اہلخانہ اورعلاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ڈکیتوں نے جینا مشکل کردیا ہے اور ہر چند روز کے بعد نوجوانوں کی لاشیں اٹھا اٹھا کرتھک گئے ہیں، پولیس شہریوں کی جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اگر پولیس شہریوں کوتحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو شہریوں کواپنی حفاظت کرنے کااختیار دے دیں تاکہ شہری خود مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ کر سکیں۔

واضح رہے کہ شہرمیں رواں سال ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
Load Next Story