قومی ٹیم سے اخراج کی وجہ آج تک معلوم نہیں ہوئی عماد وسیم کا شکوہ

صرف ٹیم سے نکالنے کیلئے فٹنس کا جواز پیش کیا گیا، کرکٹر

صرف ٹیم سے نکالنے کیلئے فٹنس کا جواز پیش کیا گیا، کرکٹر (فوٹو: ٹوئٹر)

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسکواڈ سے اخراج کی وجہ آج تک معلوم نہیں ہوسکی، سب جانتے ہیں کس کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔

کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بڑے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز پایا، اسی عزم کے ساتھ مسلسل ایکشن میں ہوں،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، میری دعا ہے کہ پاکستان دیگر ٹیموں کی طرح کرکٹ کھیلے۔

انہوں نے کہا کہ مکمل فٹ اور دنیا میں مختلف لیگز کھیل رہا ہوں، پہلی ترجیح قومی ٹیم میں واپسی ہے، لیگ کرکٹ میں پیسہ اور عزت ہے مگر میں پاکستان کی نمائندگی کیلیے سب کچھ چھوڑنے کو تیار ہوں۔


مزید پڑھیں: پنجاب کے وزیر کھیل کو افتخار نے ایک اوور میں 6 چھکے جڑدیئے، ویڈیو وائرل

ماضی میں فٹنس پر اٹھائے جانے والے سوالات پر عماد وسیم نے کہا کہ میری نظر میں یویو ٹیسٹ یا 2کلومیٹر بھاگنا معیار نہیں ہے، اگر کوئی 10اوورز بولنگ اور بیٹنگ کرتے ہوئے میچ جتواتا ہے تو ٹھیک ہے صرف ٹیم سے نکالنے کیلئے فٹنس کا جواز پیش کرنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سال 2019 کے بعد کبھی کسی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام نہیں ہوا،اس طرح کی باتیں پھیلائی گئیں کہ مجھے نکالا جاسکے۔ اگر میرے اندر صلاحیت نہ ہوتی تو دنیا بھر کی لیگز نہ کھیل رہا ہوتا۔
Load Next Story