ملتان میں بچے کو خریدنے کے معاملے پر دو اسٹیج ڈرامہ آرٹسٹوں کے درمیان جھگڑا

لاہور کی اسٹیج ڈرامہ آرٹسٹ ایمان بٹ نے 6 اپریل کو بچہ ایک خاتون سے 14 ہزار روپے کے عوض خریدا تھا۔

بچے کو کسی بھی صورت واپس نہیں کروں گی چاہے مزید ایک لاکھ روپے کیوں نہ دینے پڑیں، اسٹیج ڈرامہ آرٹسٹ ایمان بٹ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD:
غربت کی ستائی ماں نے 14 ہزار روپے میں اپنے لخت جگر کو ایک اسٹیج ڈرامہ آرٹسٹ کو فروخت کردیا تاہم دوسری ڈرامہ آرٹسٹ کی جانب سے زیادہ رقم کی پیشکش پر خاتون اپنا بچہ واپس لینے پہنچ گئی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان کے نواحی علاقے جہانیاں کی رہائشی نورین نے 6 اپریل کو اپنے بچے کو ڈرامہ آرٹسٹ ایمان بٹ کو 14 ہزار روپے میں فروخت کیا تاہم آج ایک دوسری ڈرامہ آرٹسٹ کشش کی جانب سے 50 ہزار روپے کی پیشکش کی گئی تو نورین اپنے بچے کو واپس لینے پہنچ گئی جس پر دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے بعد معاملہ تھانے تک جا پہنچا۔

اسٹیج ڈرامہ آرٹسٹ ایمان بٹ کا کہنا تھا کہ وہ بچے کو کسی بھی صورت واپس نہیں کریں گی چاہے مزید ایک لاکھ روپے ہی کیوں نہ دینے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے کو خریدنے سے پہلے اس کی ماں سے ایک حلف نامے پر دستخط بھی کرایا جو میرے پاس موجود ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ بیچنے والی ماں اور خریدنے والی فنکارہ کے خلاف مقدمہ درج ہوگا جب کہ بچے کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔
Load Next Story