شیخ رشید ایک روز کیلیے مری پولیس کے حوالے

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کا کل 2 بجے تک شیخ رشید کو مری کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

مری پولیس نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی (فوٹو فائل)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ایک روز کے لیے مری پولیس کے حوالے کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ رفعت محمود کے روبرو مری پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کے راہداری ریمانڈ کی سماعت ہوئی، جس میں عدالتی حکم پر شیخ رشید کی کمرہ عدالت میں ہتھکڑی کھول دی گئی۔


دوران سماعت پراسیکیوٹر عدنان نے پولیس کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل مری مقدمہ میں شیخ رشید کو کبھی عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ اس عدالت کے سامنے صرف راہداری ریمانڈ والا معاملہ ہے ۔ ہمیں راہداری ریمانڈ چاہیے ۔

دوران سماعت شیخ رشید کی جانب سے وکیل نے اپنے دلائل پیش کیے، جس پر عدالت نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کے لیے مری پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مری پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا منظور کرلی اور شیخ رشید احمد کو ایک روز کے لیے مری پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ کل 2 بجے تک شیخ رشید کو مری کی متعلقہ عدالت میں پیش کردیا جائے۔
Load Next Story