حکومت کا پیٹرول کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ذخیرہ اندوز باز آجائیں وزیر پیٹرولیم

عوام کیلیے تیل اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، ملک میں بیس دن کا پیٹرول اور تیس دن کا ڈیزل موجود ہے، مصدق ملک

(فوٹو: فائل)

وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت نہیں تاہم کچھ لوگ زیادہ نفع کیلیے تیل کی ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں جن کے خلاف حکومت ایکشن لے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ اور قلت پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ عوام کیلیے تیل اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، ملک میں بیس دن کا پیٹرول اور تیس دن کا ڈیزل موجود ہے۔


انہوں نے خبردار کیا کہ چند لوگ ہیرا پھیری کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کررہے ہیں ایسے لوگوں اور کمپنیوں کا لائنسنس منسوخ کریں گے،جب ریاست قدم اٹھائے گی تو پھر آپ لوگ نیوز کانفرنسز کررہے ہوں گے۔ ذخیرہ اندوزوں سے درخواست ہے رک جائیں ورنہ نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تیل ذخیرہ کرنے والے یہ سمجھ رہے ہین کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے جارہا ہے، حکومت کا تیل کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت میں بہتری کیلیے اقدامات کررہی ہے، معیشت کی ترقی سے عوام خوش حال ہوں گے، حکومت کا کام عوام کیلیے سہولیات پیدا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں پمپ مالکان نے قیمتیں بڑھنے کے پیش نظر پیٹرول پمپس بند یا پھر تیل فراہمی کی مقدار محدود کردی ہے۔ چیئرمین اوگرا نے پنجاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ ایسے پیٹرول پمپس کیخلاف کارروائی کریں۔
Load Next Story