صوبے میں امن و امان کی صورت حال کیوجہ سے الیکشن کا انعقاد مشکل ہے چیف سیکریٹری پنجاب

پولیس آپریشن میں مصروف ہے، چار سے پانچ ماہ تک الیکشن کا انعقاد مشکل ہوگا، آئی جی پنجاب

فوٹو: اے پی پی

چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں اس لیے الیکشن کا انعقاد مشکل ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب پیش ہوئے اور صوبے میں ممکنہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جواب جمع کرایا۔

اپنے جواب میں چیف سیکریٹری نے صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ علیحدہ الیکشن پر اخراجات دگنے ہوجائیں گے اور سیکیورٹی کی فراہمی بھی مشکل ہوگی جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کیلیے 42 ارب روپے درکار ہوں گے۔


انہوں نے کہا کہ رمضان میں انتظامی اور قانون نافذ کرنے والے افسران مصروف ہوتے ہیں، مارچ میں مردم شماری ہورہی ہے جبکہ صوبائی حکومت کو بھی مالی خسارے کا سامنا ہے، الیکشن کیلیے چار لاکھ سے زائد نفری درکار ہے۔ کمی کو پورا کرنے کیلیے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات ناگزیر ہیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس چار سے پانچ ماہ کے آپریشن مصروف ہے جس کی وجہ سے الیکشن کا انعقاد مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اضافی نفری کی بھی ضرورت ہوگی، صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا انعقاد پولیس آپریشن مکمل ہونے تک مشکل ہے۔

ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ میانوالی میں پولیس پر حملہ کیا گیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں کچے کے علاقوں میں بھی آپریشن جاری ہے۔
Load Next Story