نواز شریف چین پہنچ گئے آج چینی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی

صوبہ ہنان کے نائب گورنر چن ژائی رونگ اور پاکستان میں چین کے سفیر شن ویڈونگ نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا

وزیراعظم نوازشریف اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کابیجنگ پہنچنے پر استقبال کیاجارہاہے۔ فوٹو: پی پی آئی

باؤ فورم برائے ایشیا کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے درمیان آج(جمعرات) ملاقات ہوگی جو دونوں رہنمائوں کی ایک سال سے بھی کم عرصے کے دوران تیسری ملاقات ہوگی۔


چینی وزیر خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات سے ہماری سدا بہار دوستی اور تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ چینی وزیراعظم دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چین کا ایک اہم ہمسایہ اور سدا بہار شراکت دار ہے۔ حالیہ برسوں میں پاک چین تعلقات کو بہت تقویت ملی ہے۔ آج کی ملاقات میں دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے متفقہ مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف چینی حکومت کی دعوت پر بائو فورم برائے ایشیا 2014 میں شرکت کیلئے بدھ کو چین پہنچ گئے۔ صوبہ ہنان کے نائب گورنر چن ژائی رونگ اور پاکستان میں چین کے سفیر شن ویڈونگ نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف بھی ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم آج جمعرات کو فورم سے کلیدی خطاب کریں گے جس کا افتتاح چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کریں گے۔
Load Next Story