پاکستان نے ایشین جونیئر اسکواش میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

پاکستان کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کا معرکہ انجام دیا ہے

پاکستان کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کا معرکہ انجام دیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 0-2 سے زیر کرکے 21 ویں ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے یکطرفہ فائنل میں ٹاپ سیڈ پاکستان نے میزبان ٹیم کو بآسانی شکست دے کر ایک مرتبہ پھر ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے دونوں اعزازات اپنے نام کرلیے۔

فائنل کے پہلے میچ میں ایشین جونیئر چیمپئن نورزماں نے اپنے حریف کو 1-3 سے قابو کیا جبکہ دوسرے مقابلے میں محمد حمزہ خان نے مدمقابل کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے ٹھکانے لگا کر پاکستان کو فتح دلوادی۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو0-2 اور بھارت نے جنوبی کوریا کو 1-2 سے مات دی تھی۔

دریں اثناء سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جہانگیر خان، جان شیر خان اور قمر زمان نے بھارت کو شکست دے کر ایشین جونیئر ٹائٹل حاصل کرنے پر پاکستان اسکواش ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

اسکواش کے عظیم کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد اسکواش کے حوالے سے پاکستان کے لیے اچھی خوشخبری سامنے آئی ہے، امید ہے کہ اگر ہمارے نوجوان کھلاڑی اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔


دوسری جانب اسکواش فیڈریشن کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے چیمپیئن شپ میں کامیابی کے باوجود ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تاحال کوئی اَپ ڈیٹ جاری نہیں کی گئی۔







 

 
Load Next Story