پی آئی اے کا طیارہ مزید 5 ٹن امدادی سامان لیکر ترکیہ پہنچ گیا

پی آئی اے اب تک مجموعی طور پر 72 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام پہنچا چکا ہے، ترجمان

فوٹو: اسکرین گریب

پی آئی اے کا طیارہ زلزلہ متاثرین کیلئے مزید 5 ٹن امدادی سامان لیکر ترکیہ پہنچ گیا۔

ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق زلزلے کے بعد سے پی آئی اے اب تک مجموعی طور پر 72 ٹن امدادی سامان اور 51 ریسکیو ٹیم کے افراد کو لے کر جاچکا ہے، پی آئی اے نے ترکی میں ادانا اور استنبول جبکہ شام کے شہر دمشق کیلئے 6 شیڈول اور 2 خصوصی چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق امدادی پروازیں بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے لاہور اور اسلام آباد سے چلائی جا رہی ہیں، پی آئی اے ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے کو مکمل معاونت فراہم کررہا ہے جس میں آفت زدہ علاقوں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا بھی شامل ہے۔


ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے حکومت پاکستان کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے، این ڈی ایم اے نے پی آئی اے کے ذریعے کثیر تعداد میں خیمے اور کمبل متاثرہ علاقوں تک پہنچائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے ٹرکش ائیرلائن اور دیگر حکام کو تمام ممکنہ مدد اور آپریشنل معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دریں اثنا ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بھی امدادی سامان کے ہمراہ ترکیہ پہنچ گئے، امدادی سامان میں کھانے پینے کی اشیاء اور کپڑے موجود ہیں۔

ایدھی حکام کے مطابق فیصل ایدھی ترکیہ کے علاقے کہرامان مرس پہنچے ہیں جہاں انکی ترکیہ کے وزیر داخلہ سے ملاقات بھی ہوئی۔
Load Next Story