موٹرسائیکل چور نے عوامی تشدد کے خوف سے تیسری منزل سے چھلانگ لگادی

دہلی کالونی کا رہائشی ملزم نشے کا عادی ہے، پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا

ملزم تاروں میں الجھ کر نیچے گرا، جس پر شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنایا

موٹرسائیکل چور نے جوبلی کلاتھ مارکیٹ کے قریب عوام کے ہاتھوں پٹائی کے خوف سے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

ملزم پہلے تاروں میں اٹکا، جس کے بعد شہریوں نے اسے پکڑ کر پٹائی کی اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق خودکشی کی کوشش کرنے والے موٹرسائیکل چور کی شناخت 27 سالہ محمد زوہیب ولد محمد ظفر کے نام سے کی گئی ، جو کچھ عرصہ قبل تک اپنے اہلخانہ کے ساتھ ایم اے جناح روڈ پر اقبال پلازہ میں رہائش پزیر تھا، جس کے بعد وہ دہلی کالونی منتقل ہوگیا۔ملزم نے کچھ عرصہ قبل سگریٹ پینا شروع کی تھی اس کے بعد چرس اور دیگر نشے اور اب آئس کا نشہ کرتا ہے ۔


ملزم نے 5 ماہ قبل آرام باغ کے علاقے برنس روڈ سے بھی ایک موٹرسائیکل چوری کی تھی۔واقعے کے مطابق مدعی مقدمہ رضوان عارف خان ولد عارف خان نے پولیس کو بتایا کہ 11 فروری 2023 کو میں موٹرسائیکل پر اپنے بہنوئی کے گھر آیا اور تقریباً رات ساڑھے 8 بجے فٹ پاتھ پر بھائی کا انتظار کرنے لگا جب کہ چابی موٹرسائیکل ہی میں لگی ہوئی تھی۔

اسی دوران پینٹ شرٹ میں ملبوس لڑکا آیا اور موٹرسائیکل اسٹارٹ کر کے جوبلی کی طرف فرار ہوا۔ میں نے شور کیا اور اس کے پیچھے بھاگا تو جوبلی ملک شاپ کے قریب موٹرسائیکل پھسل کر گر گئی، جس کے بعد نوجوان بھاگا اور عمارت میں داخل ہوکر تیسری منزل پر خالی فلیٹ میں گھس گیا۔جہاں سے اس نے بالکونی سے نیچے چھلانگ لگادی۔

چھلانگ لگانے کے بعد ملزم بجلی کے تاروں سے ٹکراتا ہوا نیچے گر کر زخمی ہوگیا، جسے لوگوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، بعد ازاں نبی بخش تھانے کی پولیس موبائل بھی پہنچ گئی۔ پولیس نےمدعی کا بیان قلمبند کرکے ملزم زوہیب کے خلاف 381-A کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
Load Next Story