گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی محتسب نے رپورٹ طلب کرلی
گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کا ہر روز قیمتوں میں یکطرفہ اضافہ بد انتظامی ہے، نوٹس
وفاقی محتسب نے گاڑیوں کی قیمتوں میں یک طرفہ اضافے کیخلاف عوامی شکایات پر نوٹس لے لیا۔
وفاقی محتسب نے مقامی کمپنیوں کی تیار کردہ گاڑیوں کی قیمتوں میں یک طرفہ اضافے کیخلاف عوامی شکایات پر نوٹس لے لیا جب کہ وزارت صنعت و پیداوار اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے شائع خبروں اور کراچی و دیگر شہروں سے ملنے والی متعدد شکایات پر گاڑیوں کی قیمتوں میں من مرضی سے یک طرفہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت صنعت و پیداوار سے 14 دن میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
نوٹس میں کہا گیا کہ مقامی طور پر گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے آئے روز قیمتوں میں یکطرفہ اضافہ بدانتظامی کے زمر ے میں آتا ہے جس سے خریدار پریشان ہیں۔
دوسری جانب جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 43.12فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔