اے این ایف نے منشیات کی شارجہ اور قطر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

اینٹی نارکوٹکس فورس کی پشاور، راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں انسداد منشیات کی کارروائیاں، ملزمان کو گرفتار کرلیا

(فوٹو فائل)

اینٹی نارکوٹکس فورس نے شارجہ اور قطر منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنادیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں باچہ خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پشاور پر فلائٹ نمبر ER 751 سے شارجہ جانے والے2 ملزمان سے 127 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ کرک کے رہائشی دونوں ملزمان نے منشیات اپنے جوتوں میں چھپائی ہوئی تھی۔


دوسری جانب راولپنڈی ڈیلی میل آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل سے 70 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جسے ہارڈ پیپر پیک میں چھپایا گیا تھا ۔ اُدھر ملتان ائرپورٹ روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملتان کے رہائشی ملزم سے ایک کلو 800 گرام چرس اور 104 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

علاوہ ازیں کراچی میں گارڈن ٹاؤن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کراچی ہی کے رہائشی 2 ملزمان سے ایک کلو آئس برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف نے تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story