سندھ حکومت کا تحفہ تین مگرمچھ پشاور چڑیا گھر کی زینت بن گئے
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف خیبرپختونخوا کی کاوشیں رنگ لے آئیں، سندھ سے تین مگرمچھ چڑیا گھر پشاور پہنچ گئے، سندھ فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے پشاور چڑیا گھر انتظامیہ کو دو نر اور ایک مادہ مگر مچھ حوالے کیے، پانی میں تیرتے ہوئے مگرمچھوں نے چڑیا گھر پشاور کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کردیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور چڑیا گھر حسینہ عنبرین نے بتایا کہ پشاور کی آب و ہوا اور پانی مگرمچھوں کے لیے موزوں ہے جس سے ان کی افزائش نسل بھی جاسکتی ہے، چڑیا گھر پشاور میں ایسے نئے مہمانوں کی آمد سے چڑیا گھر کی رونق میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ اس سے یہاں کے لوگوں کو تفریح کے بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔