کراچی پولیس آفس پر کلیئرنس آپریشن مکمل 3 دہشت گرد ہلاک رینجرز اہلکار سمیت 4 شہید

کالعدم ٹی ٹی پی نے کراچی پولیس آفس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی، عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کا دعویٰ

فوٹو فائل

شہر قائد میں قائم کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا، جس کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے جبکہ ایک خود کش جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہوئے جن میں سویلین خاکروب بھی شامل ہے جبکہ ڈی ایس پی ایس ایس یو سمیت 19 زخمی ہوئے، جن میں 7 رینجرز اہلکار اور ایک ایدھی کا رضاکار بھی شامل ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے دفتر میں دہشت گرد شام 7 سے سوا سات بجے کے قریب داخل ہوئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ واقعے کے بعد علاقے کو سیل کر کے شاہراہ فیصل کو عام ٹریفک کیلیے بند کیا گیا جبکہ دفتر کی بجلی کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

دہشت گردوں کے داخل ہونے کے بعد پولیس آفس کے اندر شدید فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم کے متعدد دھماکے بھی ہوئے۔ حملہ آوروں کے حملے کے بعد اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی جبکہ دیگر تھانوں سے نفری بھی طلب کی اور اہلکار مورچہ زن ہوئے۔
Load Next Story