لاہور کے علاقے اچھرہ میں دکان میں دھماکا 17 افراد زخمی

دھماکا خیز مواد دکان کے اندر رکھا گیا تھا جس کی مقدار 400 سے 500 گرام تھی،بم ڈسپوزل اسکواڈ

دھماکے سے قریبی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔فوٹو:ایکسپریس نیوز

اچھرہ کے علاقے پاکستان چوک میں واقع دکان میں دھماکے سے 17 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد قریبی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق رات گئے لاہور کے علاقے اچھرہ میں پاکستان چوک کی مارکیٹ میں واقع دکان میں زور دار دھماکا ہوگیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ متعدد قریبی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی ہوٹل میں موجود 17 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ زیادہ تر افراد شیشہ لگنے سے معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دے کر اسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔

دھماکے کےبعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد دکان کے اندر رکھا گیا تھا اور واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہوسکتا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد دکان کے اندر رکھا گیا تھا جس کی مقدار 400 سے 500 گرام تھی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ اسی دکان پر دو ماہ قبل بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ دکاندار قسطوں پر سامان فراہم کرتا ہے اور رقم کی ادائیگی پر اکثر دکان پر جھگڑے کے واقعات پیش آتے تھے۔

دوسری جانب دھماکے سے متاثرہ دکان کے مالک ولی خان کا کہنا ہے کہ بھتہ نہ دینے پر دکان پر حملہ کیا گیا ہے، ولی خان نے بتایا کہ اسے گزشتہ ایک ماہ سے شمالی وزیرستان سے بھتے کے لیے کال کی جارہی تھی جس میں 20 لاکھ روپے بھتہ دینے کا کہا گیا تھا اور بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔ ولی خان کا کہنا تھا کہ بھتہ نہ دینے پر دو ہفتے قبل گھر پر فائرنگ اور دستی بم حملہ بھی کیا گیا تھا جبکہ اس نے بھتے کی کال سے متعلق پولیس اور اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا تھا مگر متعلقہ حکام نے اس پر کوئی اقدامات نہیں کیے۔

Load Next Story