شمالی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول دھماکے اور راکٹ حملے میں 13 افراد جاں بحق

دتہ خیل اور شوال میں گاڑیوں پر فائرنگ اور راکٹ حملے کیے گئے جن میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں مختلف شدت پسند گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو فائل

HARIPUR:
میران شاہ کی تحصیل شوال اور دتہ خیل میں ریموٹ کنٹرول دھماکے، فائرنگ اور راکٹ حملے میں 13 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ کی تحصیل دتہ خیل میں ایک گاڑی کے قریب نصب دھماکا خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، دھماکے کے نتیجے میں گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔ شمالی وزیرستان کی ہی تحصیل شوال میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی اور پھر راکٹ سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 10 افراد مارے گئے، دونوں واقعات میں مارے جانے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں شدت پسند گروپوں میں تصادم کے واقعات میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story