راولپنڈی میں ضلع کچہری کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق حملہ آور گرفتار

فائرنگ کا واقعہ 2 گروپوں میں تنازع کے باعث پیش آیا، پولیس

واقعے کے بعد ضلع کچہری میں بھی بھگدڑ مچ گئی اور کچہری میں موجود وکلا اور دیگر افراد شدید خوف میں مبتلا ہوگئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD:
ضلع کچہری کے گیٹ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ایلیٹ فورس نے تعاقب کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 گروپوں کے درمیان کسی معاملے پر تنازع چل رہا تھا اور آج موقع پاکر ایک گروپ نے دوسرے گروپ کے افراد پر ضلع کچہری کے قریب اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، زخمی شخص کو حملہ آوروں نے اغوا کرکے لے جانے کی کوشش کی تاہم ایلیٹ فورس کے جوانوں نے گاڑی کا تعاقب کیا اور ایوب پارک کے قریب چاروں حملہ آوروں کو اسلحہ سمیت پکڑنے میں کامیاب ہوگئے تاہم اس دوران دوسرا شخص بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ اس دوران ضلع کچہری میں بھی بھگدڑ مچ گئی اور کچہری میں موجود وکلا اور دیگر افراد شدید خوف میں مبتلا ہوگئے۔
Load Next Story