بگ تھری کی حمایت کرکے 8 سال کے ٹورز پروگرامز طے کرلئے چیرمین پی سی بی

آئندہ سال آئی سی سی کا صدر پاکستان نامزد کرے گا اور اگر چیرمین بھارت کا ہوگا تو پھر صدر پاکستان سے ہوگا، نجم سیٹھی

آئی سی سی کے اجلاس میں محمد عامر کا بھی معاملہ اٹھایا اور امید ہے کہ اس کی سزا میں ایک سال کی کمی کردی جائے گی، چیرمین پی سی بی فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس کے دوران بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈز سے اگلے 8 سال کے تحریری ٹور پروگرامز طے کرلئے جن سے پاکستان کو 30 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ 9 جنوری کو بطور چیرمین پی سی بی بگ تھری کا معاملہ میرے سامنے آیا، پھر 8 فروری کو سنگاپور میں پتا چلا کہ بنگلادیش نے بگ تھری کی تجویز قبول کرلی، اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا بگ تھری کے مخالف تھے لیکن پھر سری لنکا نے بھی اس کی حمایت کردی اور پاکستان 9 فریقین کے مقابلے میں تنہا رہ گیا، ایسی صورتحال میں ہم اکیلے بگ تھری کے خلاف نہیں کھڑے ہوسکتے تھے اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لئے بگ تھری کی حمایت ضروری تھی لیکن سابق چیرمین ذکا اشرف کے ساتھ مشورہ کیا تھا تو فیصلہ ہوا تھا کہ اس میں قانونی پوزیشن بھی دیکھی جائے گی۔


نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی اجلاس میں جانے سے قبل ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ بگ تھری کی حمایت اصولی بنیادوں پر کریں گے لہٰذا ہم نے اجلاس میں پاکستان کی تنہائی ختم کرنے کی کوشش کی، ہم نے دبئی میں بھارت سمیت کرکٹ بورڈز کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات اور ان سے اگلے 8 سال کے تحریری ٹور پروگرامز طے کئے جس کا شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا اور ان سے پاکستان کو 30 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی اولین ترجیح ہے، اگر ہمارے ہوم ٹورز نہیں ہوں گے تو ہمیں پیسے نہیں ملیں گے اور جب پیسے آئیں گے تو ہماری ڈومیسٹک کرکٹ بھی بحال ہوگی۔

چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے اجلاس میں آئی سی سی سے کہا تھا کہ آئندہ سال آئی سی سی کا صدر پاکستان نامزد کرے گا جسے کونسل اراکین نے تسلیم کرلیا اگلے سال اگر چیرمین بھارت کا ہوگا تو صدر پاکستان کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی کے اجلاس میں محمد عامر کا بھی معاملہ اٹھایا، رواں سال جون میں آئی سی سی حکام پاکستان آئیں گے، امید ہے کہ محمد عامر کی سزا میں ایک سال کی کمی کردی جائے گی اور وہ جلد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 15 اپریل کو ایشین کرکٹ کونسل کا آئندہ اجلاس میری زیر صدارت لاہور میں ہوگا۔
Load Next Story