عراقی نائب وزیراعظم اپنے ہی محافظ کے قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

حملے میں عراقی فوج ملوث ہے اورصالح المطلق کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا گیا، ترجمان نائب وزیراعظم

عراقی نائب وزیراعظم بغداد میں قافلے کی صورت میں جارہے تھے کہ اس دوران سیکیورٹی اہلکار نے ان پر فائرنگ کردی۔ فوٹو:فائل

عراق کے نائب وزیراعظم صالح المطلق سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے بال بال بچ گئے جبکہ دیگر محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی نائب وزیراعظم دارالحکومت بغداد میں قافلے کی صورت میں جارہے تھے کہ اس دوران اچانک سیکیورٹی اہلکار نے ان پر فائرنگ کردی جس سے موقع پر موجود محافظوں سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے تاہم صالح المطلق حملے میں محفوظ رہے جبکہ ان کے دیگر محافظوں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور محافظ مارا گیا۔


ترجمان نائب وزیراعظم نے حملے کا الزام فوج پرعائد کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم صالح المطلق کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا گیا اورالیکشن سے قبل اس قسم کا حملہ سوالیہ نشان ہے۔

Load Next Story