سورج کو دکھاتے ہیں چراغ

اس عشق میں ہوتا ہے کہ کوئی بادشاہ یاشہزادہ کسی نادیدہ، ناموجودہ شہزادی کے بارے میں صرف سن کر عاشق ہوجاتا ہے

barq@email.com

آپ انصاف بلکہ اس کی تحریک انصاف کو بھی ساتھ کرکے کہئے کہ اس میں ہماراکیا قصور ہے، مشکل 'تکلیف اور بیماری تو بیماری ہوتی ہے اوراس بیماری کے بارے میں تو مرشد بھی کہہ گئے ہیں کہ ؎

عشق پر زورنہیں ہے یہ وہ آتش غالب

کہ لگائے نہ لگے اور بجھائے نہ بنے

''عشق نادیدہ'' کوئی نئی بیماری بھی نہیں، بہت پرانی بیماری ہے لیکن پرانے زمانے میں یہ بادشاہوں اورشہزادوں کو لگتی تھی اوراس بات پر ہم خود بھی حیران و پریشان ہیں کہ یہ شاہی بیماری ہمیں کیسے لاحق ہوئی کہ ہمارے اجداد میں دور دور تک کوئی شاہ بادشاہ یا شہزادہ نہیں گزرا ہے ،البتہ ہم اتنا جانتے ہیں کہ ہم نے قسمت گدایانہ اور مزاج شاہانہ پایا ہے۔

اس عشق میں ہوتا ہے کہ کوئی بادشاہ یاشہزادہ کسی نادیدہ، ناموجودہ شہزادی کے بارے میں صرف سن کر عاشق ہوجاتا ہے اوراتنا زیادہ کہ اس کی جان کے لالے پڑ جاتے ہیں مثلاً ایسی کہانی میں ایک شہزادہ صرف کپڑوں کی خوشبو پاکر عاشق ہوجاتا ہے۔

یہ کہانی شاید مشہورداستان الف لیلیٰ یا ہزار داستان کی ہے کہ ایک شہزادہ دریا کنارے سیر کر رہاہوتا ہے کہ ایک جگہ ایک دھوبی کپڑے دھونے آیاہے، دھوبی جیسے ہی کپڑوں کاگٹھڑ کھولتاہے، کپڑوں کی خوشبو ہر طرف پھیل جاتی ہے۔

اتنی زیادہ کہ ہرطرف بھونروں کا ایک بادل سا آکر منڈلانے لگتاہے۔ شہزادہ دھوبی سے پوچھتا ہے کہ یہ کپڑے کس کے ہیں ،دھوبی کہتا ہے کہ یہ ایک ''ریشم گر'' کی بیٹی کے ہیں، شہزادہ یہ سنتے ہی غش کھا کر ''کوما'' میں چلا جاتاہے۔ یہاںپر شاعر نے کہا ہے ؎

شہزادہ اس نادیدہ چہرے کاعاشق ہوتا ہے

بچارا اچھا بھلا نکلا تھا اور بیمار ہوکرلوٹا

آگے پھر اس عشق کے مختلف مراحل ہیں لیکن ہمیں اس سے کام نہیں بلکہ خود اپنی روداد سنائی ہے۔

اس سے پہلے بھی ہم تقریباًایک ہزار ایک سو ایک ''نادیدہ چہروں'' پر عاشق ہوئے ہیں جن میں اولیت زیب النساء محفی تھی جو اورنگزیب کی بیٹی تھی اس اورنگزیب عالمگیر کی جس نے نہ کبھی کوئی نمازچھوڑی تھی اورنہ کسی رشتہ دار کو زندہ چھوڑا تھا لیکن ہمیں اس سے شدید پرخاش اس لیے ہے کہ اس نے بھائیوں، بیٹوں اورباپ کے ساتھ ساتھ اس معصوم اورشاعرہ بیٹی کو بھی نہیں چھوڑا ،اسے مارا نہیں تھا لیکن قلعہ اعظم گڑھ میں زندہ درگورکیا تھا۔

دفن کرتے وقت اس کی عمر لگ بھگ چھیاسٹھ سال تھی لیکن عشق نہ پچھے ذات نہ عمر نہ کچھ اور۔ایسی اور بھی مثالیں ہیں جب ہم کسی ''اناؤنسر'' ڈرامے کی کسی آرٹسٹ یاگانے والی پر مرمٹے تھے ۔اوراب تازہ ترین عشق تو صرف ''نام'' کو پڑھ کر لاحق ہوا ہے، یہ نام جو کبھی کبھی اخبارات میں آجاتاہے اورہمیں اخبارات پر اس لیے سخت غصہ ہے کہ آخر یہ دوسری الا بلا اورفضولیات چھاپنے کے بجائے صرف اسی نام کے لیے سارا اخبار وقف کر دیتے تو اخبار اس سے دگنا زیادہ بکتا۔

ٹھہرئیے پہلے ہم ذرا وضو کرلیتے ہیں ،یہ نام ایک پرندے کا بھی ہے جو فاختوں کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے،پنجابی میں اسے ''گگھی'' کہاجاتا ہے۔


پشتو میں ''گوگوش'' بلکہ فارسی میں بھی اورفارسی کی مشہورگائیگہ''خانم گوگوش'' نے بھی یہ نام اپنایا تھا اورآج کل کی ایک مشہورگائیکہ لیڈی گاگا نے بھی اپنے لیے یہی تخلص چنا ہے ۔نہ پوچھئے کہ اس نام کو زبان پر لاتے ہی زبان پر جیسے ''بتاشے'' گھلنے لگتے ہیں اورکتنی فرحت حاصل ہوتی ہے ۔

کتنی تسکین ہے وابستہ تیرے نام کے ساتھ

نیند کانٹوں پر آجاتی ہے آرام کے ساتھ

حالاں کہ اس نام سے بھی ایک بڑا سا کانٹا وابستہ ہے لیکن پھر زبان پر بار خدایا۔ یہ کس کا نام آیا کہ مرے نطق نے بوسے مری زباں کے لیے۔

پنجابی میں ایک بڑی مزیدار کہانی بھی اس سے وابستہ ہے ''گوگی کاں'' اور اسی وجہ سے ہمیں ''کاواں'' سے شدید نفرت ہے جب بھی کوئی کوا کائیں کائیں کرنے لگتاہے ہم پتھر ڈھونڈنے لگتے ہیں۔ خیر کاں کو گولی مارئیے، پیروں ہی میں سہی گوگی کاں کا ذکر کرتے ہیں جو فرح افزاہے ،فرحت انگیز ہے، فرح خیزہے۔

اخبارات پر تو ہمارا بس نہیں چلتاہے، اس لیے ہم نے ایک کنٹریکٹر کو بلوایاکہ وہ ہمیں شہربھر کی دیواروں پر یہ نام لکھنے کا تخمینہ بتائے ،پورے ملک کی دیواروں کا بھی اور پوری دنیا کی دیواروں پر بھی اور اگر ہمارے استطاعت میں ہوا تو بہت جلد آپ دیواروں پر یہ نام لکھا ہوا دیکھ لیں گے ،آخر ہم بھی کسی مرشد کے مرید ہیں۔

خط لکھیںگے گرچہ مطلب کچھ نہ ہو

ہم تو عاشق ہیں تمہارے نام کے

ہم نے بہت سی کتابیں چھان ماری ہیں، بہت سارے دانشوروں سے بھی پوچھا کہ آخر حروف بعض الفاظ اوربعض نام اتنے میٹھے کیوں ہوتے ہیں، پیارے کیوں ہوتے ہیں اور فرح افزا،فرح خیز اورفرح انگیزکیوں ہوتے ہیں ۔

خداکرے کہ محبت میں وہ مقام آئے

کسی کا نام لوں اور لب پہ تیرا نام آئے

اب اس نام ہی کو لے لیں جس کااصل مادہ صرف ''گ'' ہے لیکن اتنا اثر انگیزہے کہ جی چاہتاہے کہ حروف تہجی کے باقی سارے الفاظ اس پر نچھاورکردیں کہ اس''گ'' کے ہوتے ہوئے باقی حروف کی ضرورت کیا ہے۔

ترے ہوتے ہوئے محفل میںجلاتے ہیں چراغ

کتنے نادان ہیں سورج کو دکھاتے ہیں چراغ
Load Next Story