گلوکار سونو نگم پر ممبئی میں کنسرٹ کے دوران حملہ
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی میں جاری کنسرٹ کے دوران سونو نگم پر حملہ شِو سینا پارٹی کے ایم ایل اے کے بیٹے اور بھتیجے کی جانب سے کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیاسی پارٹی کے ایم ایل اے پرکاش کے بیٹے نے کنسرٹ کے بعد سونو نگم کے ساتھ سیلفی لینا چاہی تاہم گلوکار کے گارڈز کی جانب سے اسے روک دیا گیا جس پر طیش میں آکر ایم ایل اے کے بیٹے اور بھتیجے نے سونو نگم ان کے بھائی اور باڈی گارڈز پر حملہ کردیا اور انہیں اسٹیج سے نیچے پھینک دیا۔
گلوکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ 'مجھے دھکا دیا گیا جس سے میں سیڑھیوں پر گر پڑا، ربانی خان مجھے بچانے آئے تو انہیں بھی پیچھے سے دھکیل کر اسٹیج سے پھینک دیا گیا وہ مر بھی سکتے تھے'۔
گلوکار نے مزید کہا کہ 'میں نے اِن لوگوں کے خلاف شکایت درج کروا دی ہے لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کسی کو زبردستی سیلفی لینے پر مجبور نہیں کرسکتے'۔
واضح رہے کہ واقعے کے خلاف سونو نگم نے ایم ایل اے کے بیٹے اور ان کے بھتیجے کے خلاف ممبئی پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے۔