لاٹری کے غلط ٹکٹ نے 50 ہزار ڈالر کا انعام جتوادیا


میری لینڈ کی خاتون نے دو ڈالر کی بجائے 20 ڈالر لاٹری ٹکٹ خرید لیا اور 50 ہزار ڈالر جیت گئیں۔ فوٹو: فائل
میری لینڈ کی ایک خاتون وینڈنگ مشین سے لاٹری کا صرف دو ڈالر والا ٹکٹ خریدنا چاہتی تھیں لیکن غلطی سے انہوں نے 20 ڈالر کا ٹکٹ خرید لیا۔ اس پر خاتون پشیمان ہوئیں کہ شاید یہ رقم ضائع ہوجائے گی۔ تاہم جب اس ٹکٹ کو کھرچ کر انعامی نمبر دیکھےگئے تو اس سے معلوم ہوا کہ وہ 50 ہزار ڈالر جیت گئی ہیں۔
اس طرح ایک غلط ٹکٹ نے انہیں درست رقم سے ہمکنار کردیا۔43 سالہ خاتون نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ سیلسبری کی رہائشی ہیں اور انہوں نے خودکار مشین سے لاٹری ٹکٹ خریدا تھا۔ وہ چاہتی تھیں کہ دو ڈالر کا ٹکٹ مل جائے لیکن غلطی سے 20 ڈالر کا ٹکٹ خرید بھیجیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مشین رائل فارم کے ایک اسٹور میں نصب تھی۔
جیسے ہی انہوں نے ٹکٹ اسکریچ کیا تو وہ خوشی سے دیوانی ہوگئیں کہ انہوں نے کل 50 ہزار ڈالر کی رقم جیت لی ہے۔ تاہم انہوں نے اب تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ اتنی بڑی رقم کا کیا مصرف کریں گی۔