ملتان سلطانز کے کوچ نے کراچی کنگز سے شکست کی وجہ بتادی

شکست پر ٹیم کا پوسٹ مارٹم ضرور کریں گے، مشتاق احمد

فوٹو: اسکرین گریب

پی ایس ایل 8 میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کھانے والی ٹیم ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ جیت کا کریڈٹ کراچی کنگز کو دینا چاہیے، دفاعی انداز اپنانے کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

مشتاق احمد نے کہا کہ ہم کنڈیشنز کا اندازہ لگانے میں ناکام رہے، ناقص بیٹنگ لائن کا پوسٹ مارٹم ہوگا، لیگ کے چھٹے میچ میں دوسری شکست سے ہمکنار ہونے والی ملتان سلطانز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اچھی بیٹنگ نہیں کرسکی۔

مشتاق احمد نے کہا ہم موسم کے اثرات کو نہیں سمجھ سکے، اچھی پچز سے کھیل کر آنے کے بعد قدرے مختلف وکٹ کی جانچ نہ کر سکے، خیال تھا کہ پچ شروع میں اسپین بولنگ کو سپورٹ کرے گی۔


مزید پڑھیں: کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست دے دی

انہوں نے کہا کہ پچ بعد میں اسپن بولنگ کے لیے ساز گار بنی اور اسی بات نے ہمیں ناکامی کی طرف دھکیلا، لیگ میں ڈیبیو کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 65 رنز جوڑنے والے کراچی کنگز کے طیب طاہر نے ہمارے بولرز کا اچھے انداز میں سامنا کیا۔

مشتاق احمد نے کہا حریف ٹیم کے انور علی اور احسان اللہ نے بہترین بولنگ کرکے ہمیں اسکور کرنے سے روکا، شکست پر ٹیم کا پوسٹ مارٹم ضرور کریں گے، وسیم اکرم ہو یا کوئی اور دوسرا بڑا کھلاڑی ہو، وہ گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر کچھ نہیں کرسکتا۔
Load Next Story