بطور پی ٹی آئی صدر پہلی ترجیح پنجاب انتخابات میں پارٹی کی جیت ہے پرویز الہیٰ

عمران خان نے خود مجھے تحریک انصاف کا صدر بنانے کا اعلان کیا اور میری کمٹمنٹ کا اعتراف کیا، رہنما پی ٹی آئی

—فائل فوٹو

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ بطور پی ٹی آئی صدر میری پہلی ترجیح پنجاب کے الیکشن میں تحریک انصاف کی دو تہائی اکثریت سے جیت اور پنجاب میں پھر سے عمران خان کی حکومت کا قیام ہے۔

گجرات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود مجھے تحریک انصاف کا صدر بنانے کا اعلان کیا اور میری کمٹمنٹ کا اعتراف کیا جو میرے لیے باعث فخر ہے۔


چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے خطاب میں مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا انہوں نے میرا اور میرے ساتھیوں کا دل جیت لیا ہے، اس مقصد کیلئے عمران خان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، قوم عمران خان کو پھر سے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے، عمران خان نیک نیت سیاستدان اور قوم کے سچے خیرخواہ ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ نااہل حکمران ٹولے اور الیکشن کمشنر کی پنجاب میں الیکشن ملتوی کرانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، حکمران ٹولہ عمران خان کے راستہ میں جو ریت کی دیواریں کھڑی کر رہا ہےالیکشن میں عوام کا سیلاب ان ریت کی دیواروں کو بہا کر لے جائے گا۔
Load Next Story