چارسدہ میں بچوں سے زیادتی کے الزام میں منشیات بحالی مرکز پر چھاپہ

منشیات بحالی مرکز میں مریضوں کے علاج کی بجائے انکو منشیات دی جاتی رہی

منشیات بحالی مرکز میں مریضوں کے علاج کی بجائے انکو منشیات دی جاتی رہی

محکمہ ایکسائز نے چارسدہ میں بحالی سنٹر پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کرلی اور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایکسائز کے مطابق محکمہ ایکسائز کو خفیہ اطلاع ملی کہ بحالی مرکز میں منشیات کا کاروبار ہو رہا ہے تھانہ ایکسائز مردان کے ایس ایچ او نے چارسدہ کے علاقے مندنی اور امیر آباد میں کارروائی کی، منشیات بحالی مرکز میں مریضوں کے علاج کی بجائے انکو منشیات دی جاتی رہی، سنٹر میں کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی جاتی تھی۔


ترجمان ایکسائز کے مطابق تھانہ ایکسائز مردان ریجن کے سرکل آفیسر اور ایس ایچ او کی سربراہی میں منشیات بحالی مراکز پر چھاپے کے دوران بحالی مرکز سے 508 گرام ہیروئن، 462 گرام آئیس، دو عدد رائفلز، دو عدد پستول اور دیگر دستایزات برآمد ہوئیں۔

ریہیب سنٹر کے مالک ملزم عارف اور منیجر حاجی رحمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ مرکز میں کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور تندرست افراد کو پیسوں کی غرض سے قید کیا گیا تھا، ریہیب سنٹر سے دو کم عمر بچے بازیاب کرائے گئے جن میں ایک کی عمر سولہ سال ہے۔

دونوں بچوں کو انکے خاندانوں کے حوالے کیا جارہا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف تمام جرائم کے تحت مقدمہ درج کرکے ریہیب سنٹر کا لائسنس منسوخ کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ سے رابطہ کرلیا گیا۔
Load Next Story