متحدہ فاٹا میں اصلاحات کی تجاویز کی حمایت کرتی ہے فاروق ستار

پولیٹیکل پارٹیز جوائنٹ کمیٹی برائے فاٹا اصلاحات کے وفدکی رابطہ کمیٹی سے ملاقات میں گفتگو

پولیٹیکل پارٹیز جوائنٹ کمیٹی برائے فاٹا اصلاحات کے وفدکی رابطہ کمیٹی سے ملاقات میں گفتگو. فوٹو: فائل

پولیٹیکل پارٹیز جوائنٹ کمیٹی برائے فاٹا اصلاحات کے نمائندہ وفد نے این ڈی آئی کے عہدیداران کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی اور رشید گوڈیل سے ملا قات کی۔


وفد میں فاٹا ریفارمز کمیٹی کے رہنما ارسلا خان ہوتی،کرامت اللہ چغرمتی، سید اخوندزادہ چٹان ، بیرسٹر سلمان آفریدی، انیسہ زیب طاہر خیلی، ہاشم بابر، اسد آفریدی، اجمل خان وزیر، مختار باچا، جان محمد بلیدی، سید آصف حسنین، عبد الراشد، مفتی عبد الشکور، عبد الجلیل جان، زر نور آفریدی اور نواب زدہ محسن علی خان شامل تھے۔ وفد کی ایم کیوایم رابطہ کمیٹی سے ملاقات تقریباً سوا گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کمیٹی کی جانب سے فاٹا کی اصلاحات کیلیے پیش کی گئی 11نکاتی تجاویز کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے عوام کو بنیادی، آئینی اور جمہوری حقوق ملنے چاہئیں اور فاٹا کی انتظامی حیثیت کا تعین کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ فاٹا ریفارمز کمیٹی میں ایم کیو ایم کے 2 ارکان بھی شامل ہیں اور ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ فاٹا کی عوام کی بہتری کے لیے وہاں کے عوام کے فیصلے کو سنا جائے۔

انھوں نے وفد کوایم کیو ایم کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کہ فاٹا کا استحکام صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ اس پورے خطے میں استحکام اور امن کا ضامن ہے اور فاٹا کے عوا م کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کے بغیر پاکستان اور خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے پولیٹیکل پارٹیز جوائنٹ کمیٹی برائے فاٹا اصلاحات کے رہنماؤں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کمیٹی ملک کی10 مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہے، فاٹا کے عوام محب وطن ہیں لیکن فاٹا کے عوام کے انسانی حقوق بری طرح سے پامال کیے جارہے ہیں اور دنیا بھر میں انھیں دہشت گرد کے طو رپر پیش کیا جارہا ہے، آئین کے آرٹیکل 247میں ترامیم کرکے فاٹا کے عوام سے امتیازی سلوک بند کیا جائے۔ فاٹا کمیٹی نے کہاکہ ملک بھر کی طرح فاٹا میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کیاجاسکے۔
Load Next Story