اللہ ہے بس پیار ہی پیار۔۔۔۔۔

خدا سے محبت کرنے والے نرم دل ہوتے ہیں، وہ اس کی مخلوق سے بھی محبت کرتے ہیں

فوٹو : فائل

محبت کا لفظ خود اپنے اندر بڑی مٹھاس، کشش، لذت اور لطف رکھتا ہے۔ کسی کے بھی تعلق کے ساتھ یہ بولا جائے تو دل میں زندگی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔

اللہ اور اس کے آخری پیارے رسول کریم ﷺ سے محبت تو سب سے پاکیزہ اور مقدس جذبہ ہے۔ خوش قسمت لوگ ہی اس پاکیزہ جذبے سے آشنا ہوتے ہیں اور ہمیشہ اس جذبے کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

مفہوم: ''اور ایمان والے اللہ کی محبت میں بہت سخت ہوتے ہیں۔''

(سورۃ البقرہ)

حقیقی محبت کی حق دار تو صرف ایک ہی ہستی ہے اور وہ ہے اس دو جہانوں کے مالک اللہ رب العزت کی کی عظیم و مقدس ہستی۔ آج تک کوئی ایسا پیمانہ نہیں بنا جو ماں کی محبت کو ناپ سکے اور اللہ پاک تو ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والے ہیں۔ کوئی اللہ کی محبت کی گہرائی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ اللہ پاک نے تو انسان کی تھوڑی سی مشقت کے بدلے پوری جنت سجا دی۔ جس میں انسان کی آسائش کے لیے ہر چیز رکھ دی۔

جہاں صرف خوشیاں ہی خوشیاں ہوں گی غموں کی پرچھائی تک نہ ہوگی۔ اگر انسان پر اللہ کی طرف سے کوئی آزمائش آ بھی جائے تو اللہ پاک بار بار دلاسہ دیتے ہیں کہ میرے بندے گھبرانا نہیں تمہارا اللہ تمہارے ساتھ ہے تمہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ تو ہے کوئی اللہ پاک جیسا جو انسان سے اس سے زیادہ محبت کرتا ہو؟ پھر کیوں نہ اک اللہ سے محبت کی جائے ؟ کیوں نہ اللہ کی محبت میں خود کو فنا کیا جائے ؟

مفہوم: ''اے ابنِ آدم! اگر اللہ کی محبت کو ہمیشہ مقدم رکھو گے تو دونوں جہاں میں کام یاب ہو جاؤ گے۔''

اللہ سے محبت کا سفر بہت حسین ہوتا ہے۔ جو اس راہ کے مسافر بن جاتے ہیں اللہ اسے بھی اندر باہر سے حسین کر دیتے ہیں۔ وہ تو پل پل اپنے محبوب کی چاہ میں جینے لگتے ہیں۔ پھر اس کی آنکھیں محبوب کی یاد میں بہتی ہیں۔ پھر اس کا دل اللہ کی یاد سے لطف پاتا ہے۔ یقین رکھیے! اللہ سے محبت کرنے والے بڑے حسین ہوتے ہیں۔

انہیں دیکھ کر ہی اللہ سے محبت محسوس ہونے لگتی ہے۔ دنیا کا سب سے حسین تر لمحہ وہ ہوتا ہے جب آپ کو محسوس ہو کہ بادشاہوں کا بادشاہ، ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والا، جنت و جہنم کا مالک، اس دنیا کو بنانے والا رب آپ سے محبت کرتا ہے۔ کتنا خوش قسمت ہوتا ہے وہ انسان جس سے اللہ پاک محبت کرتے ہوں اور محبت بھی ایسی جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ سبحان اللہ

حالات چاہے کیسے بھی ہوں مومن لوگ کبھی بھی اللہ تعالیٰ کی محبت میں کمی نہیں آنے دیتے، وہ حالات سے مایوس نہیں ہوتے اور اپنے پالن ہار پر کامل یقین رکھتے ہیں۔

جو لوگ اللہ سے محبت رکھتے ہیں ان کے لیے اس دنیا کی دولت و شہرت کوئی معنی نہیں رکھتی۔ وہ اس دنیا کی رنگینیوں میں کبھی نہیں کھوتے۔ ہاں! اگر شیطان کے بہکاوے میں آکر کبھی گناہ ہو جائے تو تڑپ اٹھتے ہیں فوراً اللہ پاک سے توبہ کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے لوگ کبھی مایوس نہیں ہوتے کیوں کہ وہ جانتے ہیں اللہ پاک انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، وہ اللہ پاک کے معجزوں کا انتظار کرتے ہیں۔ اگر بہت شدید دعاؤں کے بعد بھی ان کی خواہش پوری نہ ہو پھر بھی وہ ''الحمداللہ'' کہتے ہیں کبھی بھی اللہ پاک سے شکایت نہیں کرتے بلکہ وہ فوراً اللہ کی رضا میں راضی ہو جاتے ہیں۔


اللہ پاک سے محبت کرنے والے لوگ ہمیشہ اللہ کی ناراضی سے ڈرتے ہیں۔ ڈرتے ہیں کہ کبھی کوئی ایسا گناہ نہ ہو جائے جو اللہ کی ناراضی کا سبب بنے۔ اللہ کے حکموں کو ماننا ہمیشہ اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ وہ ہمیشہ نیکی کے کاموں میں بھاگ دوڑ کرتے رہتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں اللہ کے پسندیدہ بندوں میں شامل ہو جائیں۔

اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے لوگ بہت نرم دل ہوتے ہیں۔ وہ اللہ کی مخلوق سے بھی محبت کرنے والے ہوتے ہیں۔ ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔

دوسروں کے دکھ درد میں شامل ہوتے ہیں۔ اللہ سے محبت کرنے والے لوگ کبھی غریب لوگوں سے نفرت نہیں کرتے ان سے کراہت محسوس نہیں کرتے۔ ایسے لوگ نیکیوں میں سبقت لے جانے والے ہوتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے اللہ کے سوا کسی اور در پہ سر نہیں جھکاتے۔ وہ اللہ کو واحد و یکتا مانتے ہیں اور صرف اسی کے سامنے گڑگڑاتے ہیں۔ وہ اپنی خواہشات صرف اللہ پاک کے سامنے بیان کرتے ہیں۔ کیوں کہ وہ جانتے ہیں اگر کوئی ذات انسان کی خواہشات کو پورا کر سکتی ہے تو وہ صرف اللہ پاک کی عظیم ذات ہے۔

مفہوم: ''کبھی بھی سر کو اللہ کے علاوہ کسی اور در پہ نہ جھکاؤ، اس سر کے جھکنے کے لیے سب سے بہترین در اللہ تعالیٰ کا در ہے۔''

اللہ سے محبت کرنے والے کبھی غرور و تکبر جیسے گناہ کا شکار نہیں ہوتے۔ وہ کبھی دوسروں کی دولت و شہرت، عزت و مرتبہ دیکھ کر حسد نہیں کرتے، بلکہ وہ تو اللہ کے عاجز بندے ہوتے ہیں۔ ان کے ہر انداز سے عاجزی جھلکتی ہے۔ وہ تو اللہ کی نعمتوں کو دیکھ کر ہمیشہ شکر ادا کرنے والے ہوتے ہیں۔

اللہ سے محبت کرنے والے کبھی مشکلات سے گھبراتے نہیں ہیں۔ وہ بڑی سے بڑی مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں ہر آزمائش میں پورا اترتے ہیں۔

کیوں کہ ان کا یقین صرف اور صرف اللہ کی ذات پر ہوتا ہے۔ اور یقین بھی ایسا جو سمندر سے بھی زیادہ گہرا ہو۔ وہ یقین رکھتے ہیں جو ذات اندھیروں کو روشنی میں بدلنے پر قادر ہے وہ ہی ان کے غموں کو خوشیوں میں بدلنے پر قادر ہے۔

اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے خود پر دنیاوی محبت حاوی نہیں ہونے دیتے۔ بلکہ وہ اللہ کی محبت کو اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ وہ اللہ کی محبت میں اس فانی دنیا کی محبتوں کو قربان کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

اور یہی بندے اللہ کے خاص بندے ہیں جن پر اللہ نظر رحمت فرماتے ہیں۔ جس سے اللہ پاک محبت کریں اس سے زیادہ خوش قسمت اس روئے زمین پر کوئی نہیں۔

میرا اللہ بس محبت ہی محبت ہے۔ جب قران کو سمجھ کر پڑھا تو اللہ کو محبت ہی محبت پایا۔ ہر جگہ تسلی دیتا ہوا، دعاؤں کی قبولیت کا یقین دلاتا ہوا، ہمیشہ ساتھ رہنے کا عہد کرتا ہوا، چھوٹی سی آزمائش پر بڑے بڑے اجر سناتا ہوا، اپنی رحمت کا یقین دلاتا ہوا، چھوٹی چھوٹی نیکیوں پر جنت کی خوش خبری سے نوازتا ہوا میرا اللہ بس محبت ہی محبت ہے۔ اللہ پاک سے جُڑ جائیں۔ اللہ پاک سے محبت کریں شدید سے شدید تر۔

اللہ سے محبت کرنے والے لوگ محبوب کی محبت کے رنگ میں رنگے ہوئے ہوتے ہیں۔ اس دنیا میں سب سے بہترین رنگ اللہ کی محبت کا رنگ ہے۔

یا رب! تُو ہمیں بھی اپنی محبت کے رنگ میں رنگ دے۔ آمین
Load Next Story