غیرملکی ایجنسی نے بتایا ہے عمران خان پر اسلام آباد کچہری میں حملہ ہوسکتا ہے بابر اعوان

کوشش کی جارہی ہے کہ اسلام آباد کچہری میں عمران خان کو گھیر کر لایا جائے پھر سنائپر سے حملہ کیا جائے، وکیل عمران خان

عدلیہ سے اپیل ہے عمران خان کی پیشی ویڈیو لنک کے ذریعے کی جائے، بابر اعوان:فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ عمران خان کی جان لینے کی دوبارہ کوشش کی جارہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے اسلام آباد کچہری میں عمران خان کو گھیر کر لایا جائے پھر سنائپر سے حملہ کیا جائے۔ تازہ اطلاعات اور شواہد ہیں کہ دوبارہ عمران خان کی جان لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک غیرملکی ایجنسی نے بتایا ہے کہ اسلام آباد کچہری میں ایسا واقعہ ہوسکتا ہے۔


بابر اعوان نے کہا کہ پہلی بار جوڈیشل کیمپلکس میں عمران خان کی آمد پر سیکورٹی کیمرے بند کیے گئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی پر سیکورٹی مکمل طور پر غائب تھی۔ احمد نیازی عمران خان کی سیکورٹی کا انچارج ہے اس پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کردیا گیا۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے عمران خان کے جانثار ان کی سیکورٹی سے ہٹ جائیں۔ سلمان تاثیر اور لیاقت باغ حملے والا فارمولا استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عدلیہ سے اپیل ہے کہ عمران خان کی پیشی بذریعہ وڈیو لنک کی جائے۔
Load Next Story