کراچی آرٹس کونسل میں تین روزہ چھٹا سندھ لٹریچر فیسٹیول اختتام پذیر

آخری روز معروف گلوکار وہاب بگٹی اور سیف سمیجو کی شاندار پرفارمنس نے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے

فوٹو؛ ایکسپریس

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سندھ لٹریری فاﺅنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ تین روزہ "چھٹا سندھ لٹریچر فیسٹیول 2023" اختتام پذیر ہوگیا۔

فیسٹیول کے آخری روز معروف گلوکار وہاب بگٹی اور سیف سمیجو کی شاندار پرفارمنس اور مشاعرے نے سندھ لٹریچر فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے، تین دن آرٹس کونسل کراچی میں ادب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ فیسٹیول میں مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے جو ہر آنے والے کی توجہ کا مرکز رہے۔


فیسٹیول کے تیسرے روز "سندھ کا تعلیمی ادارہ اور شاگرد"، مٹی کے مکتب"، "راہِ وصل"، "سندھی شاعر کا موضوع اور معیار"، "خواجہ غلام فرید کا پیغام"، "بات سے بات وسعت اللہ کے ساتھ"، "فرحت اللہ بابر اور شاہ فیصل شاہ سے بات چیت، "لیجنڈ آف سندھ"، "امر کھٹائی"، "ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم"، "کتابوں کی رونمائی" سمیت دیگر سیشن ہوئے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سندھ لٹریچر فیسٹیول کے فاﺅنڈر نصیر گوپانگ اور منیجنگ ڈائریکٹر زوہیب کاکا نے فیسٹیول کے اختتام پر محکمہ ثقافت سندھ، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سمیت دیگر اداروں کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story