کراچی اسکول کے طالبعلم 2 کم عمر ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے

ملزمان 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی مقام پردوسری واردات کرنے پہنچے تھے

فوٹو؛ اسکرین گریب

فیڈرل بی ایریا میں کم عمر خنجر بردار ڈاکوؤں کو واردات مہنگی پڑ گئی، شہریوں نے 2 ملزمان کو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

سمن آباد تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 19 میں کم عمر خنجر بردار ڈاکو 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی مقام پردوسری واردات کرنے پہنچے تو 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، شہریوں نے کم عمرڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کےحوالے کردیا۔

شہریوں کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر سوار 4 کم عمر ڈاکو جمعہ کے روز ایک نوجوان سے نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین کرفرارہوئے تھے 24 گھنٹوں کے دوران ہفتے کی شام ڈاکو دوبارہ واردات کرنے کے لیے آئےاورانہوں نے شہری سے لوٹ مار کی۔


ملزمان فرار ہوئے تو شہریوں نے پیچھے دوڑ لگائی جس پر ڈاکو گھبرا گئے اور موٹرسائیکل سے گر گئے کچھ فاصلے پر جاکر 2 ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑا جبکہ 2 ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

شہریوں نے پکڑے گئے ڈاکوؤں کو تشدد کانشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، پکڑے گئے دونوں ڈاکو نیو کراچی مدینہ کالونی کے رہائشی اور ایف بی ایریا میں واقع سرکاری اسکول کے طالبعلم بھی ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا تھا، گرفتار کم عمر ڈاکو کی شناخت 11 سالہ علی الرحمان اور 15 سالہ معاذ کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

دوران تفتیش گرفتار ڈاکوؤں نے انکشاف کیا کہ وہ چند ماہ سے وارداتیں کررہے تھے، پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کے 2 ساتھی فرار ہیں جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
Load Next Story