فنڈز نہ ملنے سے ریلوے کا خسارہ 40ارب تک پہنچنے کا خدشہ

اعلان کردہ 11ارب میں سے ایک پیسہ نہیں ملا، آمدنی صرف 14ارب ہوئی۔

اعلان کردہ 11ارب میں سے ایک پیسہ نہیں ملا، آمدنی صرف 14ارب ہوئی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
حکومتی عدم دلچسپی کے باعث فنڈز نہ ملنے سے پاکستان ریلوے کا مالی سال 2012-13کا خسارہ40 ارب روپے بڑھنے کا خدشہ ہے۔


ریلو ے کے ذمے دار ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ حکومتی عدم دلچسپی کے باعث پاکستان ریلوے بڑے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، رواں برس ریلوے کو 14.92 ارب روپے کی آمدنی ہوئی جبکہ مالی سال 2010-11 میں یہ آمدنی 18.04ارب روپے تھی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سال 2010 میں پاکستان ریلویز کو 11 ارب روپے بیل آوٹ پیکیج دینے کی منظوری دی تھی لیکن تاحال ایک پیسہ بھی نہیں دیا گیا۔

96 انجنوں کی بحالی کے لیے 6.1ارب روپے کی منظوری دی لیکن وہ بھی نہیں ملے ، زیاد تر انجن اپنی اوسط عمرسے 33سال زائد عرصہ گزار چکے ہیں، 55 فیصد سے زائد ٹریک اوور ایج ہوچکا ہے۔ 86 فیصد پلوں کی عمر 100 سال سے بھی زیادہ ہے۔ ذرائع نے بتایا رواں مالی سال میں 27 انجنوںکی بحالی کے لیے ٹینڈر جاری کیے گئے جبکہ 150 ا نئے انجنوںکی خریداری کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر وفاقی حکومت فنڈ فراہم کرے تو 22.8 ارب روپے سے ریلوے کی حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
Load Next Story