بحر ہند کے گہرے پانیوں میں لاپتہ ملائشین طیارے کی تلاش کا کام شروع

جدید ترین ڈرون اس جگہ سمندر کی تہہ میں جانئیں گے جہاں سے ماہرین کو سگنل موصول ہوئے تھے

ملائیشین ایئرلائن کی پرواز ایم ایچ 370، 8 مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی فوٹو: اے ایف پی

لاپتہ ملائشین طیارے کی تلاش میں مصروف ماہرین نے طیاروں اور بحری جہازوں کے بعد اب بحر ہند کے گہرے پانیوں میں اپنے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لاپتہ طیارے کی تلاش پر مامور ماہرین کی ٹیم کے سربراہ ایئر چیف مارشل اینگس یوسٹن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ لاپتہ طیارے کے بیلک باکس کا آخری سگنل 8 اپریل کو موصول ہوا تھا جس کے وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ فلائٹ ریکارڈر کی بیٹریوں کی چارجنگ ختم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 5 دنوں سے ماہرین کو کوئی سگنل موصول نہیں ہورہا۔ اب لاپتہ طیارے کی تلاش کا کام زیر آب شروع کیا جارہا ہے جس کے لئے سمندر کے اندر چلنے والی کشتیوں اور خصوصی ڈرونز کی مدد لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل یہ کشتیاں اور ڈرون اس جگہ سمندر کی تہہ میں جانئیں گے جہاں سے ماہرین کو سگنل موصول ہوئے تھے تاہم تلاش کا یہ عمل جہاں طویل اور محنت طلب ہے وہیں اس کے ناکام ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ملائیشین ایئرلائن کی پرواز ایم ایچ 370، 8 مارچ کو کوالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی اس میں 239 افراد سوار تھے۔ حکام کا خیال ہے کہ یہ طیارہ اپنے مقررہ راستے سے ہزاروں کلومیٹر دور جنوبی بحر ہند میں کہیں گر کر تباہ ہوا ہے۔
Load Next Story