کراچی میں بینک ڈکیتی بچوں کا کھیل بن گئی رواں برس 12واں بینک لٹ گیا

ڈاکو 15 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے

رواں برس اب تک 12 بینک لٹ چکے ہیں اور پولیس ان ڈکیتیوں میں ملوث ایک بھی ملزم کو حراست میں نہیں لے پائی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

شہر قائد میں جہاں ہر روز کئی بے گناہ افراد موت کے گھاٹ اتار دیئے جاتے ہیں وہیں بینک ڈکیتیاں بھی بچوں کا کھیل بن گئی ہیں، ایسا ہی ہوا ہے کورنگی میں جہاں ڈاکو چند منٹوں میں ایک نجی بینک سے 15 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں واقع ایک نجی بینک میں 5 نقاب پوش ملزمان داخل ہوئے جن میں سے 4 نے عملے اور وہاں موجود دیگر افراد کو یرغمال بنایا جبکہ پانچویں شخص نے بینک کے باہر کھڑے رہ کر نگرانی کی، پانچوں ڈاکو چند ہی منٹوں میں 15 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے وہ سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے اپنے منہ ڈھانپے ہوئے تھے جس کی وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ واردات میں بینک کا کوئی ملازم بھی شامل ہے تاہم پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس اب تک 12 بینک لٹ چکے ہیں اور پولیس ان ڈکیتیوں میں ملوث ایک بھی ملزم کو حراست میں نہیں لے پائی۔
Load Next Story